الیکشن کمیشن ،اسحاق ڈار نااہلی کیس کا فیصلہ محفوظ


اسلام آباد (صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کی جانب سے بطور سینیٹر حلف نہ اٹھانے پر انہیں نااہل قراردلوانے کے حوالہ سے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

دوران سماعت رکن الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے ریمارکس دیئے ہیں کہ حلف نہ اٹھانے کی وجہ سے اسحاق ڈار سینیٹ کے رکن نہیں رہے، جب اسحاق ڈار رکن ہی نہیں تو انہیں نااہل کیسے کریں،حلف اٹھائے بغیر کوئی بھی ممبر نہیں کہلواتا۔

رکن الیکشن کمیشن سندھ نثار احمد درانی کی سربراہی میں شاہ محمد جتوئی، بابر حسن بھروانہ اور جسٹس (ر)اکرام اللہ خان پر مشتمل چار رکنی بینچ نے اسحاق ڈار کی نااہلی کے لئے اظہر صدیق ایڈووکٹ کی جانب سے دائردرخواست پر سماعت کی جبکہ الیکشن کمیشن نے درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے پیش نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار بھی کیا۔