سیلاب متاثرہ علاقوں میں ضروری خدمات کی فراہمی کے حوالے سے کام جاری ہے،شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ضروری خدمات کی فراہمی کے حوالے سے بڑے پیمانے پر کام جاری ہے۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی، ڈیسکوز، پی ٹی اے اور دیگر وفاقی حکومت کے محکموں نے تمام تر مشکلات کے باوجود شاندار کام کیا ہے اور بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کو ٹھیک کر کے بحال کردیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں تمام پبلک سرونٹس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جبکہ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا میں بجلی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا۔ متاثرہ جگہوںپر بجلی کی فراہمی یقینا ایک بہت بڑا چیلنج تھا۔ میں خاص طور پر سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں کہ جنہوں نے دن رات محنت کرکے بجلی کی بحالی کو یقینی بنایا۔