حکومت،اپوزیشن ذاتی مقاصد میں مصروف ہیں ـ حافظ سعد حسین رضوی


لاہور (صباح نیوز)امیر تحریک لبیک پا کستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ ظلم وبربریت کی داستان رقم کرنے والوں سے کسی قسم کی کوئی بات نہیں ہو گی ، اتحاد کا فیصلہ مشاورت اور اطمینان سے کریں گے ، سیاست کا مطلب یہ نہیں کہ کچھ بھی کیا جائے،سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں، پاکستان اور اسلام کے وسیع تر مفاد میں ہر کام کریں گے ، سیاسی لوگوں سے ملاقاتوں اور بات چیت کا سلسلہ ہمیشہ قائم رہے گا ،پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہمارے بزرگوں اور آباؤ اجداد نے ملک کے لیے قربانیاں دی کوئی میلی آنکھ سے نہ دیکھے،

اپنے بیان میں امیر تحریک لبیک پا کستان نے کہا کہ ہمارے زمہ داران و کارکنان نے جن حالات کا سامنا کیاپا کستان کی تاریخ میں ایسے حالات کا سامنا کسی جماعت کے لوگوں نے نہیں کیا، کسی نے نہ تو وفاداریاں تبدیل کی نہ ہی کسی نے اعلان لا تعلقی کیا، زمہ داران و کارکنان ہر محاذ پر ثابت قدم رہے میں تما م کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں،

سعد حسین رضوی نے کہا کہ الیکشن 2023 کے لیے بھر پور تیاری کررہے ہیں ،اگر الیکشن قابل از وقت ہوتے ہیں تو تیار ہیں تمام جماعتوں کا بھرپور انداز میں مقابلہ کریں گے اور ملک بھر سے اپنے امیداوار کھڑے کریں گے،قوم نے ہم پر اعتماد کیا ہے انشاء اللہ پا کستان کے ہر شہری کے اعتماد پر پورا اتریں گے ،عوام الیکشن میں تحریک لبیک پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں ،

اُنہوں نے کہا کہ کمزور نظریے والے ملک کی کیا خدمت کریں گے آج ملک میں ہر طبقہ احتجاج کررہا ہے،موجودہ حکمرانوں نے ملک کا ہر لحاظ سے بیڑا غرق کر دیا ہے ،بیرون  ملک سے پاکستان کے اربوں روپے لوٹی ہوئی دولت واپس لانے والے غیروں سے قرض نہ لینے کے دعوے دار، آئی ایم ایف کا قرض اُس کے منہ پر مار کر لوٹانے والے آئی ایم ایف سے کشکول لیکر پائوں پڑے ہوئے ہیں، موجودہ حکمران پا کستان کی عوام کا خون نچوڑرہے ہیں ،حکومت اور اپوزیشن ذاتی مقاصد میں مصروف ہیں ،الزام تراشی اور ذاتی دشمنیوں نے ملک کو آگے بڑنے نہیں دیا ،حکمرانوں کے احتساب اور عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہی ملک میں ترقی کا ضامن ہوگا،