سید علی شاہ گیلانی شہید کی قبر سے خوف کھانے والا ہندوستان شکست خردہ ہوچکا:میاں محمد اسلم


اسلام آباد( صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر سابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ سید علی شاہ گیلانی شہید کی قبر سے خوف کھانے والا ہندوستان شکست خردہ ہوچکا،سید علی شاہ گیلانی ایک نظریے اور تحریک کا نام ہے ،سید علی شاہ گیلانی نے 50سال جیل میں گزار کر تاریخ رقم کی ،سید علی شاہ گیلانی کے لاکھوں نظریاتی کارکنان ان کے مشن کو جاری رکھیں گے ،22کروڑ عوا م کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں کشمیری شہداء سے بے وفائی کرنے والے عبرت کا نشان بنیں گے ،زندہ قومیں اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہیں کشمیری کسی فارمولے کو نہیں مانتے اپنی آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے تقسیم کشمیر کا کوئی فارمولا نا قابل قبول ہے ،

ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام سید علی شاہ گیلانی کی یاد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر سردار اعجاز افضل خان،کنونیئر تحریک حریت جموں وکشمیر غلام محمد صفی،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزادکشمیر تنویر انور ،امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی واجد اقبال عباسی اور دیگر قائدین نے خطاب کیااس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں محمد اسلم نے کہاکہ سید علی شاہ گیلانی مزاحمت کا استعارہ تھے انہوں نے ساری زندگی اللہ کے دین کے غلبے اور کشمیرکی آزادی کے لیے جدوجہد کی ہندوستان کے تمام تر مظالم کے باوجود وہ آزادی کے لیے ڈٹے رہے پیرانہ سالی میں بھی 12سال نظر بند رہے سید علی گیلانی کی وفات پربھی ہندوستان خوفزدہ ہو کر ان کی میت کو لواحقین کے حوالے کرنے کی بجائے جبراً تدفین کی جو اسلام میں کھلی مداخلت کے مترادف ہے اس کے باوجود کہ ہندوستانی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگا رکھا تھا سید علی گیلانی کے چاہنے والوں نے دنیا بھر میں ان کی نماز جنازہ ادا کی ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں شکست کھا چکا ہے کشمیریوں نے فتح حاصل کر لی ہے.

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق امیر جماعت اسلامی سردار اعجاز افضل خان نے کہاکہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہیں سید علی گیلانی نے تمام تر مشکلات کے باوجود آزادی کے لیے پرعزم رہے ہندوستان نے مار مار کر کشمیریوں کو ہندوستانی بنانے کی کوشش کی لیکن کشمیری نہیں مانے پھر کشمیریوں کو اقتدار میں شریک کر کے ہندوستانی بنانے کی کوشش کی لیکن کشمیری نہیں مانے اب ہندوستان نے فیصلہ کیا ہے کہ اس کو کشمیریوں کی نہیں بلکہ کشمیر کی سرزمین چاہیے اسی لیے اس نے 370اور35ختم کر کے کشمیریوں کی نسل کشی شروع کررکھی ہے لیکن کشمیری اس کے باوجود بھی آزادی کے مورچے میں ڈٹے ہوئے ہیں اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے غلا م محمد صفی نے کہاکہ سید علی شاہ گیلانی عزم و ہمت جرات اور بہادری سے کشمیری قوم کو آزادی دلانے کے لیے مصروف جہد رہے آج کشمیری قوم اس عہد کی تجدید کرتی ہے کہ وہ سید علی گیلانی کے ادھورے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔