بینک الفلاح لمیٹڈ کی جانب سے اپنے اکاؤنٹ ہولڈرز کی رقم ایف بی آرکو منتقل کرنے کا انکشاف


اسلام آباد (صباح نیوز)بینک الفلاح لمیٹڈ کی جانب سے اپنے اکاؤنٹ ہولڈرز کی رقم فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر)کو منتقل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ انکشاف یوٹیوب پر جاری ویڈیو میں نایاب ارشد نامی خاتون کی جانب سے کیا گیا ہے۔

نایاب ارشد کا کہنا تھا کہ میں اپنی پرائیویٹ کمپنی کی ایک ڈائریکٹر لوگوں سے مخاطب ہوں، ہم عرصہ دراز سے آٹو پارٹس مینو فیکچرنگ سے منسلک ہیں ، ہماری کمپنی2017میں ایس ای سی پی سے رجسٹرڈ ہوئی، 13جون2022کو بینک الفلاح لمیٹڈ نے راولپنڈی ٹیکس آفس کی ایک انکوائری پر ہمارے اکاؤنٹ میں جتنی بھی رقم تھی اس کا پے آرڈربنا کر ان کے حوالہ سے کردیا اور ہمارا اکاؤنٹ بالکل زیروکردیا، نہ اس سے پہلے اور نہ بعد میں ہمیں کسی بھی قسم کا نوٹیفیکیشن دیا ، جب ہمارے جاری شدہ چیک ڈس آنر ہونا شروع ہوئے تو تب ہمیں پتا چلا کہ ہمارے اکاؤنٹ میں کوئی بھی رقم موجود نہیں ہے، پھر ہم نے سارا معاملہ چیک کیا تو ہمیں پتا چلا کہ 2017سے جب سے ہماری کمپنی بنی ، ہمارے ملازم ہمارے ساتھ کام کررہے ہیں جو نہ تو ڈائریکٹر ہیں اور نہ ہی منافع کی تقسیم سے ان کا کوئی لینا دیناہے، ان کو 2014کا کوئی ٹیکس ریکوری کا کوئی کیس تھا اور بینک الفلاح نے وہ ریکوری ہمارے اکاؤنٹ سے کروادی، کوئی لاجک نہیں ، صرف بینک کی بدمعاشی، آپ اندازہ لگائیں کہ ہماری کمپنی 2017میں بنی اوران کا ٹیکس ریکوری کا کیس 2014کا تھا اور بینک نے ہمارا لاکھوں روپیہ اڑا دیا۔

خاتون کا مزید کہنا تھا کہ اب بینک کی ہٹ دھرمی کا اندازہ لگائیں ، ہمارے ایک سے زیادہ مرتبہ خطوط لکھنے کے باوجود بھی بینک الفلاح لمیٹڈ نے ہمارے ساتھ کسی بھی قسم کا کوئی رابطہ نہیں کیا، اورنہ ہی کراچی ہیڈ آفس بینک الفلاح لمیٹڈ سے کسی بھی قسم کوئی رابطہ کیا گیا ہے، کیا اس لئے کہ ہم سب خواتین ہیں، کیا اس لئے کہ میں، میری بہنیں اور والدہ اس کمپنی کے مالک ہیں اوراس ملک میں کسی بھی قسم کا خواتین کا پرسان حال نہیں ہے، یا ایسے لگتا ہے کہ بینک الفلاح لمیٹڈ اورکیس تھرڈ پارٹی کا آپس میں کوئی خفیہ معاہدہ طے ہوا ہے جس میں بینک الفلاح لمیٹڈ اپنے اکاؤنٹ ہولڈر کی تمام مالی معلومات فراہم کرسکتا ہے یا آپ کے کسی بھی بہن، بھائی ، رشتہ دار یا کسی بھی ملازم کی ریکوری آپ کے اکائونٹ سے کرواسکتا ہے ، جس کا شکار ہم ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی بینک اپنے اکاؤنٹ ہولڈر کے مالی معاملات اوراس کی رقم کا امین ہوتا ہے لیکن اس کے برعکس بینک الفلاح لمیٹڈ نے ہمارے ساتھ ڈاکو کا ساکردارادا کیا ہے اوران کی ڈھٹائی دیکھیں کہ دو ماہ سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود ہمارے ایک بھی لفظ کا معقول جواب دینا ضروری نہیں سمجھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم عنقریب بینک کے اس فراڈ کو لے کر قانونی چارہ جوئی شروع کررہے ہیں ، عوام الناس بالخصوص بینک الفلاح لمیٹڈکے اکاؤنٹ ہولڈرز کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے بلکہ بہتر ہے اپنے اکاؤنٹس کو کسی دوسرے بینک منتقل کرلیں کیونکہ بینک الفلاح لمیٹڈنے بالکل بھی اس بات کا خیال نہیں رکھنا کہ یہ کسی بیوہ، یتیم، مسکین یاپرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی یا کسی ریٹائرڈ شخص کی جمع پونچی کا اکاؤنٹ ہے، انہوں نے بہت آرام سے آپ کے کسی بھی ملازم یا کسی بھی رشتہ دار کی ریکوری آپ کے اکاؤنٹ سے کر لینی ہے اور ہم اس کا بہت بری طرح شکار ہو چکے ہیں۔