حکومت نے ملکی قرضوں میں 70 فیصد اضافہ کیا،شیری رحمان


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر،سینیٹرشیری رحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک کے مجموعی قرضوں میں 70 فیصد اضافہ کیا۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں بڑھتے ہوئے قرضوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کے اختتام تک ملک کے مجموعی قرضے 16 کھر ب 2 ارب تھے، 2018 میں قرضے 29 کھرب 8 ارب روپے تک پہنچے، 2021 میں پاکستان کے کل قرضے اور واجبات 50 کھرب 5 ارب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ جو کہتے تھے قرضہ نہیں لیں گے، انہوں نے صرف 3 سال میں 20 کھرب 7 ارب روپے کا قرضہ لیا ہے، اس حکومت نے ملک کے مجموعی قرضوں میں 70 فیصد اضافہ کیا، پہلے ہر پاکستانی 1 لاکھ 44 ہزار روپے کا مقروض تھا، اس حکومت کے قرضوں کے بعد ہر شہری 2 لاکھ 35 ہزار روپے کا مقروض ہوگیا ہے، صرف 3 سال میں اس حکومت نے ہر پاکستانی پر 91 ہزار روپے کا اضافی بوجھ ڈالا ہے۔