بے بنیاد الزامات کیس ،شہباز گل کی عدم پیشی پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری


لاہور(صباح نیوز) لاہور کی سیشن عدالت نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پولیٹیکل کمیونی کیشن ڈاکٹر شہباز گل کی عدم پیشی پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

عدالت نے شہباز گل کو یکم نومبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے شہباز گل کو 30 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ نجی کمپنی نے شہباز گل کے خلاف دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔عدالت نے اپنے تحریری حکم میں لکھا ہے کہ شہباز گل 30 ہزار روپے کے مچلکے فروی طور پر جمع کرائیں۔

لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج اظہر حسنین شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ نجی کمپنی نے وکیل میاں علی اشفاق کی وساطت سے دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔ درخواست گزار کمپنی نے یہ نقطہ اٹھایا تھا کہ شہبازگل نے نجی ٹی وی پروگرام میں کمپنی پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کئے اور اس حوالے سے کمپنی کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔ اسی بنیاد پر شہباز گل کے خلاف ڈگری جاری کی جائے۔ بار بار طلبی کے باوجود عدم پیشی پرعدالت نے شہبازگل کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 30 ہزار روپے کے مچلکے عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔