ملکی معاشی حالات بتا رہے ہیں دسمبر میں پھر بجٹ آئے گا یا یہ حکومت چھوڑ کر بھاگ جائیں گے، شوکت ترین


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہر سال ساڑھے 18 لاکھ روزگار کے مواقع فراہم کیے،ملکی معاشی حالات بتا رہے ہیں دسمبر میں پھر بجٹ آئے گا یا یہ حکومت چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔

اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب میں شوکت ترین نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ہر شعبے میں ترقی کی شرح میں اضافہ رہا، ہمارے دور میں ریکارڈ برآمدات ہوئیں۔ عمران خان کے دور میں سالانہ ساڑھے 18 لاکھ روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے، ہمارے دور میں کرنٹ اکاونٹ خسارے میں کمی ہوئی۔ پی ٹی آئی سینیٹر نے استفسار کیا کہ ملک کو ڈیفالٹ کی طرف کون لے کر گیا؟ اس وقت ملکی برآمدات 23 فیصد گر چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ بیروزگار اور فیکٹریاں بند ہونا شروع ہو گئی ہیں، افراط زر اب 44 اعشاریہ 6 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ شوکت ترین نے مزید کہا کہ 4 ماہ کے دوران قرضوں میں 9 ٹریلین سے زائد کا اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن کا سال ہے، یہ ملبہ دوسروں پر ڈالیں گے، حالات سے لگ رہا ہے کہ دسمبر میں پھر بجٹ آئے گا یا یہ حکومت چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔