آسٹریلیا کا پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لئے 2 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان، وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار تشکر


اسلام آباد(صباح نیوز) آسٹریلیا نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لئے 2 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی امداد پر آسٹریلیا کی حکومت اور عوام سے تشکر کا اظہار کیا ہے۔

آسٹریلیا کے محکمہ خارجہ وتجارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آسٹریلیا پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لئے 2 ملین ڈالر کی امداد کرے گا۔ آسٹریلیا نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب پر ہنگامی انسانی مدد کے تحت مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے امداد ورلڈ فوڈ پروگرام کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔

آسٹریلیا کے محکمہ خارجہ وتجارت نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی فوری انسانی ضروریات پوری کرنے کے لئے حکومت پاکستان کی معاونت کی جائے گی۔ پاکستان نے سیلاب کی صورتحال پر قومی ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان میں سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ متاثر ہوئے ہیں۔ سیلاب سے 1000 سے زائد اموات ہوچکی ہیں جبکہ 2 لاکھ سے زائد بے گھر ہوئے ہیں۔

آسٹریلیا کے محکمہ خارجہ وتجارت کا کہنا تھا کہ سیلاب کے نتیجے میں 50 ہزار سے زائد گھر مسمار ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف  شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ  آسٹریلیا کا یہ اقدام قابل تحسین اور انسانیت دوستی کا مظہر ہے۔