لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ صوبے کا پولیو فری ہونا حکومت پنجاب کی بڑی کامیابی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں محکمہ صحت کے حکام نے بریفنگ دی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر، یونیسف پولیو ٹیم کے نمائندے اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ صوبے کا پولیو فری ہونا حکومت پنجاب کی بڑی کامیابی ہے، پنجاب کے پولیو فری ہونے پر اللہ تعالی کا شکر بجا لاتے ہیں، پنجاب کو پولیو فری بنانے پر محکمہ صحت اور انسداد پولیو ٹیمیں تحسین کی مستحق ہیں، صوبے کے پولیو فری ہونے کے باوجود پولیو ویکسینیشن مہم تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائے گی، 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو شیڈول کے مطابق اینٹی پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی نئی نسل کو اس موذی مرض سے بچانا ہے، بچوں کو معذوری سے بچانے کے لئے ویکسینیشن کا تسلسل ضروری ہے، صوبہ بھر میں خسرہ او رروبیلا کے ساتھ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔