عمران خان توہین عدالت کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بنچ کل سماعت کریگا،ضابطہ اخلاق کا سرکلر جاری


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت سے ایک روز قبل ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا۔

رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے سماعت کے دوران ضابطہ اخلاق کا سرکلر جاری کردیا۔سرکلر کے مطابق کورٹ روم نمبر ون میں انٹری رجسٹرار آفس کے جاری کردہ پاس سے مشروط ہو گی، پندرہ کورٹ رپورٹرز کو کمرہ عدالت میں موجودگی کی اجازت ہو گی جبکہ ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ بار کے پانچ پانچ وکلا کو اجازت ہو گی۔

عمران خان کی لیگل ٹیم کے 15 وکلا کمرہ عدالت میں موجود ہو سکیں گے، اٹارنی جنرل آفس اور ایڈوکیٹ جنرل آفس سے 15 لا افسران کو اجازت ہو گی۔

سرکل میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی لیگل ٹیم، وکلا باڈیز، اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل آفس لسٹیں جمع کرائیں، اسلام آباد ہائی کورٹ کا رجسٹرار آفس پاس جاری کرے گا۔کورٹ ڈیکورم کو برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کو سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیںِ جبکہ معمول کے کیسز کی سماعت کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئے سماعت کا وقت ڈھائی بجے رکھا گیا۔پانچ رکنی لارجر بنچ کل دن اڑھائی بجے کیس کی سماعت کرے گا۔