لندن(صباح نیوز)سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپیل کی ہے کہ یہ وقت سیاست کا نہیں سیلاب متاثرین کی مدداورزخموں پر مرہم رکھنے کا ہے، مخیرحضرات سمیت پوری قوم دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کی مدد کیلئے متحد ہو، اپنی توانائیاں سیلاب متاثرین کیلئے وقف کردیں۔
مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ یہ وقت سیاست کا نہیں سیلاب متاثرین کی مدد کا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ ملک میں سیلاب کی تباہ کاریاں دیکھ کر دکھ ہوا، پاکستانی قوم ایک کرب اور دکھ میں ہے، ملک کا بیشتر حصہ سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، ہزاروں جانیں جاچکی ہیں، لاکھوں ایکڑ فصلیں تباہ ہوچکی ہیں، بے شمار مویشی لقمہ اجل بن گئے ہیں، سڑکیں ، پل اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ یہ ایک قدرتی آفت ہے لیکن میں یہ سمجھتا ہوں کہ یہ اپنے گریبانوں میں بھی جھانکنے کا وقت ہے ، یہ توبہ کی گھڑی اور اپنے اعمال کا جائزہ لینے کا بھی موقع ہے، یہ دیکھنا چاہیے کہ ہماری لغزشیں اور غلطیاں تو اس کی ذمہ دار نہیں۔ مخیر حضرات سے اپیل کرتا ہوں کہ سب کچھ چھوڑ کر متاثرین کیلئے یکجا ہوجائیں، سیلاب متاثرین کی پریشان نظریں آپ کی طرف ہیں۔ خاص طور پر مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے تمام صاحب حیثیت لوگوں ، جماعت کے ہر رکن قومی اور صوبائی اسمبلی سمیت ہر سیاسی جماعت اور کارکنوں سے گزارش ہے کہ اپنی ساری سرگرمیاں ایک طرف رکھیں اور مصروفیات ختم کریں۔ اپنی تمام توانائیں سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے وقف کردیں۔
نواز شریف نے کہا کہ یہ وقت کوئی اور کام کرنے کا نہیں، یہ وقت سیاست کا نہیں سیلاب متاثرین کی مدد کا ہے، ہر طرف پھیلے سیلاب اور کھلے آسمان تلے بیٹھے لوگوں کی دل کھول کر امداد کیجیے، اپنی تمام تر توجہ قدرتی آفت کا شکار افراد کی بحالی کی طرف مبذول کریں۔ شہباز شریف کو شاباش ہے کہ وہ تمام مصروفیات کو ترک کرکے اس کام پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، سیلاب متاثرین کی بھرپورمدد کیلئے وزیراعظم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، اس کے ساتھ ساتھ مریم نواز بھی سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کریں گی۔ دونوں قوم کے ساتھ مل کر دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامیں گے۔