اسلام آباد(صباح نیوز)خاتون جج کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کے لیے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ لارجر بینچ کی سربراہی کریں گے جبکہ جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس بابر ستار اور جسٹس طارق محمود جہانگیری بھی بینچ کا حصہ ہیں۔اس سے قبل جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بینچ نے عمران خان سے متعلق توہین عدالت کیس کی ابتدائی سماعت کی تھی۔تین رکنی لارجر بینچ نے عمران خان کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کر رکھا ہے اور 31 اگست کو عدالت نے ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔
عمران خان کو شوکاز نوٹس کا جواب بھی 31 اگست تک دینے کا حکم دیا گیا ہے، لارجر بینچ نے مزید ججز کو بینچ میں شامل کرنے کے لیے معاملہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھجوایا تھا۔یاد رہے کہ جسٹس اطہر من اللہ چھٹیوں پر تھے اور ان کی جگہ جسٹس عامر فاروق قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ بیرون ملک چھٹیاں گزارنے کے بعد ہفتہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے ہیں۔ وہ 12 جولائی سے 25 اگست تک چھٹیوں پر تھے۔