اسلام آباد (صباح نیوز)موجودہ حکمرانوں کی نااہلی مہنگائی کی صورت میں عوام الناس کو شدید اضطراب کا شکار کر رہی ہے۔ اس ایک سال میں بیس لاکھ سے زائد لوگ خط غربت سے نیچے آ چکے ہیں اور ملک کی چالیس فیصد آبادی غذائی عدم تحفظ کا شکار ہو چکی ہے۔ حکومت نے گزشتہ 38ماہ میں بیڈ گورننس، مہنگائی،بیروزگاری ، معیشت کی تباہی، قومی اداروں کی تضحیک اور زوال کی تاریخ رقم کی۔
ان خیالات کا اظہار جماعتِ اسلامی حلقہ خواتین شمالی پنجاب کی ناظمہ ثمینہ احسان نے رپورٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کا نہ صرف تسلسل رہا بلکہ کئی شعبوں میں مزید تباہی آئی اور ملک کئی دہائیاں پیچھے چلا گیا۔ ان سارے مسائل سے ملک کو نکالنے کے لیے واحد حل صرف جماعتِ اسلامی ہے کیونکہ جماعتِ اسلامی نہ صرف واضح نصب العین اور منشور رکھتی ہے بلکہ اس کے پاس ہر شعبہ کے ماہرین کی تربیت یافتہ ٹیم موجود ہے اور اس کے تھنک ٹینکس مسلسل پالیسیاں بنانے اور ان کو نافذ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اپنے اندر قائدانہ صلاحیتوں کو نشوونما دینے کے لیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے مطالعہ اور پیروی کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ مغربی مستشرقین تک بھی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو عظیم انسان تسلیم کرتے ہیں اور ان کے اسوہ کا مطالعہ کر کے اپنی پالیسیاں بناتے ہیں۔ نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کے تربیت یافتہ صحابہ نے معمولی چرواہے ہونے کے باوجود 22 لاکھ مربع میل پر بہترین حکومت کی۔ ان کی پالیسیاں اور اصلاحات آج جدید دنیا میں نافذ کی جا رہی ہیں۔ آج بھی دنیا کی قیادت اسی قوم یا گروہ کو ملے گی جو اپنے اندر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جیسے قائدانہ اوصاف پیدا کرے گا۔
اجلاس کے اختتام پر مہنگائی کے خلاف قرارداد منظور کروائی گئی جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت مہنگائی اور کرپشن پر قابو پانے، لوگوں کی زندگی آسان کرنے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کرنے کے لیے مناسب اقدامات کرے نیز کرپشن کے خاتمے کیلئے اور آٹے، گندم اور چینی کے بحران پر بھی زبانی باتوں سے بڑھ کر ایسا مثر لائحہ عمل تیار کرے کہ ملک اس نا سور سے پاک ہو اور ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے۔