حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی اور مدد کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے،قمر زمان کائرہ


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ ملک میں حالیہ بارشوں کے باعث بہت نقصان ہوا ہے، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب حالیہ بارشوں سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی اور مدد کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے یہ بات نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر پاکستان سویٹ ہوم اور پی ایف یو جے کے مشترکہ فلڈ ریلیف کیمپ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر چودھری منظور احمد، وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق اور بلاول ہاوس میڈیا سیل کراچی کے انچارج سریندر ولیسائی اور زمرد خان سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزماں کائرہ نے کہا کہ کیمپ کے منتظمین اورزمرد خان کا شکر گزار ہوں، اس عمل میں اسکول کے بچے اور صحافی چندہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے منفی کام نہیں کرنا ہے اور اگر سیاست بری ہے تو اس کو بند کردینا چاہیے،  اس مرتبہ پہلے سے بہت زیادہ بارشیں ہوئی ہیں، تسلسل کے ساتھ بارش میں اضافہ بھی ہو رہا ہے، تمام حکومتی ادارے و محکمے گراؤنڈ پر ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر  نے کہا کہ پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے گراونڈ پرہیں، سیلاب متاثرین کی بحالی میں تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔  قمرزماں کائرہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے اکثر علاقوں میں اس وقت بھی شدید بارش ہو رہی ہے، اللہ کرے یہ قدرتی آفت جلد ختم ہو۔

پی پی رہنما چودھری منظور نے اس موقع پر کہا کہ بارش اور سیلاب سے پورا سندھ اور بلوچستان ڈوب گیا ہے جب کہ پنجاب میں کئی کئی دن لوگ پانی میں گھرے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے سیلابی صورتحال کے باعث غیر ملکی دورے منسوخ کیے، پنجاب میں بارش اور سیلاب سے صورتحال بہت خراب ہے۔

چودھری منظور نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ تو خدا کا خوف کریں ،سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات کیے جائیں، تمام پریس کلبوں کے باہر سیلاب متاثرین کیلئے امدادی کیمپ قائم کریں۔ پی پی رہنما چودھری منظور نے کہا کہ سینکڑوں لوگ پہلے اسپل میں جان کی بازی ہا ر چکے ہیں،مون سون کے دوسرے اسپل میں اور تباہی ہوئی، اس وقت تیسرا اسپل ہے اور چوتھا بھی آنے والا ہے۔