اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حادثات اور قدرتی آفات کے متاثرین کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے قابل تربیت یافتہ انسانی وسائل کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت سے متعلق ادارے اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز بوائے سکاٹس اور گرلز گائیڈز کو ایمرجنسی خدمات کے نظام میں شامل کرنے پر غور کریں ، جامع تربیت کی فراہمی کے بعد بوائے سکاٹس اور گرلز گائیڈز کی مدد سے ملک بھر کے متاثرین کو بروقت ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا سکتی ہے ۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیلتھ سروسز اکیڈمی کی سینیٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ نفسیاتی صحت کی دیکھ بھال کی موجودہ سہولیات کو ہنگامی بنیادوں پر مضبوط کیا جانا چاہئے، پاکستان میں دماغی امراض کی شرح 24 فیصد ہے جبکہ اس شعبے میں صرف 2 ہزار ماہرین ہیں، بدقسمتی سے نفسیاتی بیماریوں میں مبتلا لوگ تشدد اور غیر معقول رویوں کا شکار ہوتے ہیں ، نفسیاتی مریض انتہائی صورتوں میں خودکشی کر لیتے ہیں یا اپنے پیاروں کو زخمی بھی کر دیتے ہیں۔
صدر مملکت نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان میں خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ، علاقے کے لوگوں کو درپیش ذہنی صحت کے مسائل سے نمٹنے ، سنگین رویے کی اصل وجہ کی نشاندہی کرنے کیلئے ایک موثر نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں تقریبا 7 لاکھ نرسوں کی کمی ہے ، نرسوں کی کمی سے سرکاری اور نجی صحت کے شعبے دبا کا شکار ہیں ، پاکستان کو نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تیاری کیلئے دو سالہ اعلی معیار کے تربیتی کورسز کا آغاز کرنا چاہئے ۔صدر مملکت نے پاکستان میں نفسیاتی صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ انتہائی اہم قومی مسئلے کے حل کیلئے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تین ماہ میں ایکشن پلان تیار کرنے کی ضرورت ہے ۔صدر مملکت نے کہا کہ پرائیویٹ ہیلتھ کیئر ادارے بھی نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تربیت کے لئے سہولیات پیدا کریں، ہیلتھ سروسز اکیڈمی اپنے کھاتوں کو شفاف، قابل تصدیق اور قابل اعتبار رکھنے کے لئے ایک خصوصی نظام بنائے ، شفاف کھاتوں کے نظام سے ڈونرز سے امداد حاصل کرنے میں مدد ملے گی ۔
انہوں نے کہا کہ نفسیاتی صحت سے متعلق مشاورت کے خواہاں افراد کیلئے مصنوعی ذہانت پر مبنی موبائل ایپ اور ویب پر مبنی ہیلپ لائن شروع کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مارکیٹ کی طلب پوری کرنے کیلئے یونیورسٹیوں/اداروں کو مختلف شعبوں میں 2 سال کے ایسوسی ایٹ ڈگری کورسز بھی پیش کرنے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ گریجویٹس کی تعداد میں اضافہ ، نوجوانوں کی تعلیمی نظام میں بہتر شمولیت کیلئے جامعات آن لائن اور ہائبرڈ ذریعہ تعلیم کی مدد سے کورسز کرائیں ۔