وزیراعظم محمد شہباز شریف کی امیر قطر شیخ تمیم بن حمد ال ثانی سے ملاقات، پاکستان اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق


دوحہ(صباح نیوز)وزیراعظم میاںمحمد شہباز شریف نے دوحہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد ال ثانی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران پاکستان اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو  فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں دو طرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت۔

ملاقات کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزرا  ڈاکٹر مفتاح اسماعیل احمد،سردار ایاز صادق، خواجہ محمد سعد رفیق، سید نوید قمر،چوہدری طارق بشیر چیمہ، چوہدری سالک حسین، سینیٹر سید فیصل علی سبزواری، مریم اورنگزیب، ویزر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر،وزیر مملکت برائے پیٹرولیم سینیٹرڈاکٹر مصدق مسعود ملک، علامہ طاہر محمود اشرفی اور یگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف دوحہ میں امیری دیوان پہنچے۔

دیوان امیری آمد پرقطر کے امیر نے ان کا پر تپاک استقبال کیا۔وزیر اعظم کو دیوان امیری آمد پر گارڈ آف انر پیش کیا گیا۔ جبکہ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے دوحہ میں امیر قطر کے والد شیخ حمد بن خلیفہ الثانی اور امیر قطر کی والدہ محترمہ شیخہ موزہ بنت ناصر سے ملاقات کی۔وزیر اعظم نے قطر میں 200,000 سے زیادہ پاکستانیوں کی میزبانی کرنے پر امیر قطر کے والد  شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امیر قطر کے والد کو قطر کے ویژن 2030 کے حوالے سے پاکستان کے تعاون کا یقین دلایا۔

وزیر اعظم نے آئندہ فیفا ورلڈ کپ کی قطر کی میزبانی پر اپنی پرتپاک مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے امیر قطر کے والد کو جلد  پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔وزیراعظم نے اپنے اور ان کے وفد کا استقبال کرنے پر امیر کے والد  کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے  کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے جو کہ باہمی اعتماد اور مستقل حمایت کی مضبوط بنیادوں پر مبنی ہیں۔محترمہ شیخہ موزہ بنت ناصر کی سرپرستی میں “تعلیم سب سے بڑھ کر (EAA)” پروگرام  کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ان کی انسانی ہمدردی اور خیراتی کوششوں، خاص طور پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں اسکول سے باہر بچوں کے اندراج کی کوششوں  کی تعریف کی۔