وزیراعظم شہباز شریف دوروزہ سرکاری درے پر قطرروانہ


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر قطر کے دوروزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وفاقی وزراء خواجہ محمد سعد رفیق، سردار ایاز صادق، چوہدری طارق بشیر چیمہ، مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے مشیر احد خان چیمہ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی قطر روانہ ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ روانگی سے قبل وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کا ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اپنے بھائی شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی دعوت پر قطر روانہ ہو رہا ہوں۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے تعلق کی تجدید ہوں گی۔ ہم اپنے تاریخی دوطرفہ روابط کو اور بھی زیادہ موثر سٹرٹیجک تعلقات میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری سے ملاقاتوں میں، میں انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع کے بارے میں آگاہ کروں گا جن میں قابل تجدید توانائی، فوڈ سکیورٹی، صنعت و انفراسٹرکچر کی ترقی، سیاحت اورمہمان نوازی کے شعبے شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دورے کے تناظر کو سمجھنا اہم ہے۔ کورونا وبا کے بعد دنیا معاشی سست روی سے بحالی کی طرف جا رہی ہے۔ جیوپولیٹیکل کشیدگیوں نے طلب اور رسد کا عمل متاثر اور توانائی اور خوراک کی قیمتوں میں اضافے نے مسائل میں اضافہ کیا ہے۔ مشترکہ چیلنجز متقاضی ہیں کہ تعاون کی نئی راہیں ڈھونڈیں۔