دہشت گردی مقدمہ، عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست،رجسٹرار آفس کے تین اعتراض


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دہشت گردی کے مقدمہ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر دی تاہم رجسٹرار آفس نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر تین اعتراض بھی عائد کر دیئے۔

وکیل بابر اعوان اور فیصل چوہدری کے ذریعے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی۔درخواست میں موقف دیا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف گزشتہ روز دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا لیکن درخواست گزار کا ماضی کا کوئی کریمنل ریکارڈ بھی نہیں۔

استدعا کی گئی کہ عدالت ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرے، کیس میں شامل تفتیش ہونے کے لیے تیار ہوں۔

دوسری جانب، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر رجسٹرار آفس نے تین اعتراض بھی عائد کر دیئے ہیں۔

پہلا اعتراض ہے کہ عمران خان نے بائیو میٹرک نہیں کرایا ہے۔دوسرا اعتراض کیا گیا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں جانے کی بجائے ہائی کورٹ کیسے آ گئے؟۔رجسٹرار آفس کی جانب سے تیسرا اعتراض عائد کیا گیا کہ دہشت گردی کے مقدمے کی مصدقہ نقل فراہم نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ دائر کیے جانے کے بعد ان کی گرفتاری کا امکان ہے۔