بجلی کے بلوں میں لگائے گئے ظالمانہ ٹیکس کے خلاف جماعت اسلامی کا موٹر وے چوک پرتیسرا احتجاجی مظاہرہ


اسلام آباد (صباح نیوز) جماعت اسلامی اسلام آباد کے زیر اہتمام بجلی کے بلوں میں لگائے گئے ظالمانہ ٹیکس اور مہنگی بجلی کے خلاف احتجاجی مہم کے سلسلے میں تیسرا بڑا احتجاجی مظاہرہ مو ٹرے وے چوک تر نول میں کیا گیا جس کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کی، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رند ھاوا ، اُمیدوار برا ئے چیئرمین شاہد محمود، ارشد مرزا، اور دیگر نے بھی خطاب کیا

احتجاجی مظاہرے میں جماعت اسلامی کے کارکنان کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، مظاہرین نے حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں اور بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ کئی مظاہرین نے بجلی کے بل بھی جلائے۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہو ئے میاں محمد اسلم نے کہا  موجودہ حکمران اتحاد کی پالیسیز اور اقدامات کسی طورپرعوامی مفاد میں نہیں بلکہ کھلی عوام دشمنی ہے، حکومت کا یہ عمل مہنگائی اور غربت کی ماری عوام پر بجلی گرانے کے مترادف ہے ‘ مہنگائی ختم کرنے کے وعدے کر کے ووٹ لینے والی جماعت  عوام پر پے درپے مہنگائی کا ڈرون گرا رہی ہے’ تین ماہ کے قلیل عرصے میں کئی بار بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافے سے لگتا ہے کہ موجودہ حکومت بھی گزشتہ حکومت کا تسلسل ہے ‘ جسے عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں، انھوں نے کہا ٹیکسز کی بھرمار، اشیائے خوردونوش،پٹرول، گیس اور بجلی کی آسمان سے باتیں کرتی ہوئی قیمتوں نے لوگوں کی نیندیں اڑا دیں، ملک کا ہر پانچواں شخص ڈپریشن کا شکار ہے، جماعت اسلامی نے گھریلو صارفین کے بجلی کے بلوں میں لگائے جانے والے ظالمانہ ٹیکس کے خلاف اسلام آباد میں عظیم الشان احتجاجی مہم شروع کر دی ہے

میاں محمد اسلم نے کہا بجلی کے بلوں میں عائد ٹیکسز کو عدالت میں بھی چیلنج کرنے جارہے ہیں، وہ وقت دور نہیں جب عوام اسلام آباد کا رخ کر کے حکمرانوں کا محاسبہ کرے گی،بجلی کے بلوں اور پٹرول پر ٹیکسز بڑھا کر کب تک معیشت چلائی جاسکتی ہے؟

نصر اللہ رند ھاوا نے کہا حکومت بجلی کی مد میں عوام سے وہی قیمت وصول کرے جو وہ صرف کرتے ہیں، بلوں میں درجن بھر ٹیکسز کی شمولیت سرکاری غنڈہ گردی ہے، ماہانہ بلوں کی شکل میں 22کروڑ عوام کو تاوان بھیجا جاتا ہے،دوہزار کی بجلی جلانے پر سات ہزار کا بل کہاں کا انصاف ہے، انھوں نے کہا جماعت اسلامی بلوں میں ظالمانہ ٹیکسزکی شمولیت کو عدالت میں چیلنج کرے گی اور احتجاجی تحریک بھی بھرپور طریقے سے جاری رکھے گی۔