جماعت اسلامی کا بجلی کے بلوں میں لگائے گئے ظالمانہ ٹیکس اور مہنگی بجلی کے خلاف پی ڈبلیو ڈی میں احتجاجی مظاہرہ


اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی اسلام آباد کے زیر اہتمام بجلی کے بلوں میں لگائے گئے ظالمانہ ٹیکس اور مہنگی بجلی کے خلاف احتجاجی مہم کے سلسلے میں پی ڈبلیو ڈی میں احتجاجی  مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کی.

اس موقع پر جماعت اسلامی کے اُمیدوار برا ئے قومی اسمبلی ملک عبد العزیز ، اُمیدوار برا ئے چیئر مین ہماء ایوب اور دیگر نے بھی خطاب کیا ،  احتجاجی مظاہرے میںجماعت اسلامی کے کارکنان کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، مظاہرین نے حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں اور بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ کئی مظاہرین نے بجلی کے بل بھی جلائے۔

میاں محمد اسلم نے مظاہرین سے خطاب کر تے ہو ئے کہا حکومت آئی ایم ایف کے اشاروں پر غریبوں کا خون نچوڑنے کی روایات بند کرے۔ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ بجلی کے بلوں میں جی ایس ٹی، انکم ٹیکس اور ٹی وی ٹیکس کے نام پر لوگوں کو جرمانے کیے جائیں،عام آدمی کو ڈیڑھ ہزار کی بجلی استعمال کر تا ہے تو اس کا بل دس ہزار کا بھیج دیا جاتا ہے، حکومتی عہدیداروں، وزرا، بیوروکریسی کے بجلی کے بل بھی غریب عوام سے وصول کیا جا رہے ہیں ، عوام اب  سرکاری بنگلوں اور محلات میں مفت استعمال ہونے والی بجلی کے عوض تاوان بھرنے کو مزید تیار نہیں ہیں،

انھوں نے کہا جماعت اسلامی نے گھریلو صارفین کے بجلی کے بلوں میں لگائے جانے والے ظالمانہ ٹیکس کے خلاف اسلام آباد میں عظیم الشان احتجاجی مہم شروع کر دی ہے،بجلی کے بلوں میں عائد ٹیکسز کو عدالت میں بھی چیلنج کرنے جارہے ہیں، میاں محمد اسلم نے کہا وہ وقت دور نہیں جب عوام اسلام آباد کا رخ کر کے حکمرانوں کا محاسبہ کرے گی،بجلی کے بلوں اور پٹرول پر ٹیکسز بڑھا کر کب تک معیشت چلائی جاسکتی ہے؟

ملک عبد العزیز نے کہا  بے حس حکومت بجلی، گیس اورپٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور بے جا ٹیکسز کا نفاذ آئی ایم ایف کے دباؤ کے تحت کر رہی ہے۔ ملک بحرانوں کی زد میں ہے،بیڈ گورننس، کرپشن اور سودی معیشت نے تباہی مچا دی، مگر حکمران خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔ ڈالر کی قیمت میں کمی ہوئی لیکن اس کے اثرات کہیں دکھائی نہیں دے رہے۔ نااہل حکومت عوام کو عالمی مارکیٹ میں پیٹرول سستا ہونے کے باوجود مہنگا فروخت کررہی ہے۔ اگر حکمران مہنگائی کم نہیں کرسکتے تو استعفیٰ دے کر گھر چلے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ مہنگی بجلی کے باوجود بجلی نایاب ہوچکی ہے۔ سخت حبس میں بجلی کی ا علانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔