شہباز گل کے خلاف بغاوت کے مقدمہ میں مزیدجسمانی ریمانڈ کی درخواست سماعت کیلئے منظور،فریقین کو نوٹس جاری


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل کے خلاف بغاوت کے مقدمہ میںجسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد ہونے کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے آرڈر کے خلاف نظرثانی درخواست پر مزید سماعت کل ( بدھ) صبح ساڑھے آٹھ بجے تک ملتوی کردی گئی۔

ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کا کہنا تھا کہ اس اپیل کو سماعت کے لئے منظور کررہی ہوں۔جبکہ شہباز گل کی درخواست ضمانت پر سماعت بھی آج (بدھ)کو ہو گی۔شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ دینے سے روکنے کے دفاع کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر شعیب شاہین ، ڈسٹرکٹ بار کے صدر حفیظ اللہ یعقوب ، لاہور سے خصوصی طور پر آئے وکیل سلمان صفدر اور فیصل چوہدری ایڈووکیٹ ودیگر اسلام آباد کچہری میں ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کی عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت اپنے دلائل میں پراسیکیوٹر رضوان عباسی کا کہنا تھا کہ قانون میں 15 دن کے ریمانڈ کی گنجائش موجود ہے، شہباز گِل کا صرف دو دن کا جسمانی ریمانڈ دیا گیا، نتیجے تک پہنچنے کیلئے بہت سے پہلووں پر تفتیش کی ضرورت ہے۔پراسیکیوٹررضوان عباسی کا کہنا تھا کہ ٹرانسکرپٹ کہاں تیار ہوا اور کس نے کیا،ان  پہلووں کو مدنظر رکھے بغیر فیصلہ دیاگیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے محض ایک پہلو کو دیکھتے ہوئے فیصلہ دیدیا،موبائل ڈرائیور کے پاس ہونے کے بیان پر شہبازگل کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی گئی۔دوران سماعت شہبازگل کے وکیل شعیب شاہین نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا آرڈر عدالت میں پڑھ کر سنایا۔  عدالت نے کیس کی مزید سماعت آج (بدھ)تک ملتوی کردی۔