کراچی ( صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے وطن عزیز مملکت خداداد پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی دفتر ادارہ نورحق کے باہر پرچم کشائی کی اور عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں ضلع شرقی کے تحت بیت المکرم مسجد تا یونیورسٹی رو ڈ تک منعقدہ ریلی کی قیادت کی اور مختلف مقامات پر خطاب کیا۔ ریلی یونیورسٹی روڈ بیت المکرم مسجد ،نیشنل اسٹیڈیم یوسی 7 اور 8 ،جوہر موڑ ، فیصل کینٹ سفاری پارک، گلشن اقبال،جوہر چورنگی ،پہلوان گوٹھ ،منور چورنگی و کامران چورنگی ،صفورہ چورنگی ،مدراس چوک ،گلزار ہجری ،موسمیات چورنگی ،پیراڈائز بیکری ،ابو الحسن اصفہانی روڈ سے ہوتی ہوئی یونیورسٹی روڈ پر اختتام پذیر ہوئی
۔ریلی میں حافظ نعیم الرحمن کا مختلف مقامات پر نامزد یوسی چیئرمین ،وائس چئیرمین اورکونسلرز سمیت عوام کی کثیر تعداد نے فقید المثال استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔اس موقع پرسکریٹری ضلع ڈاکٹر فواد،نائب امراء انجینئر عزیز الدین ظفر،نعیم اختراور سید قطب احمد و دیگر بھی موجود تھے جب کہ ادار ہ نورحق کے باہر پرچم کشائی کی تقریب میںنائب امراء کراچی برجیس احمد ، راجا عارف سلطان ، سکریٹری منعم ظفر خان ، ڈپٹی سکریٹریز عبد الرزاق خان ،یونس بارائی ، انجینئر عبد العزیز،راشد قریشی ،عبد الرحمن فدا،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، جماعت اسلامی منارٹی ونگ کراچی کے صدر یونس سوہن ایڈووکیٹ ودیگر بھی موجود تھے ۔
حافظ نعیم الرحمن نے تقریب پرچم کشائی اورریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک پر 75سال سے انگریزوں کے غلام جاگیردار اور وڈیرے قوم پر مسلط ہیں اور یہ پارٹیاں بدل بدل کر عوام کو بے وقوف بناتے ہیں اور ان پر ظلم کرتے ہیںلیکن عوام کے لیے کچھ نہیں کرتے، ہمارے بزرگوں نے ایک جذبے اور نظریہ کی خاطرقربانیاں دیں اور اپنی زمین و جائیداد چھوڑ کر کلمہ کی بنیاد پر حاصل ہونے والے خطہ کے لیے ہجرت کی ،انہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے اس لیے پیش کیے تاکہ آنے والی نسلیں ملک پاکستان میں اسلام کا عادلانہ نظام نافذ کرسکیں۔
انہوں نے مزیدکہاکہ کراچی منی پاکستان ہے ، جو پورے ملک کی معیشت چلاتا ہے ،جہاں ہر مسلک اور زبان بولنے والے شہری موجود ہیں اورجب کراچی کے عوام آج جشن یوم آزادی منانے گھر سے نکلے ہیں توجگہ جگہ سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں ، گندگی اور غلاظت کے ڈھیر موجود ہیں،کراچی کی تعمیر و ترقی کا دعویٰ ہر حکمران جماعت نے کیا لیکن اس کی تعمیر و ترقی کے لیے کسی نے کوئی کام نہیں کیا جس کے باعث آج شہرکھنڈر بن چکاہے ،پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے کے لیے کراچی کی تعمیر نوضروری ہے،جماعت اسلامی کی جدوجہد جاگیردار وں اور وڈیروں کے خلاف ہے جو 75سال سے ہم پر مسلط ہیں ،تمام حکمران جماعتیں صرف ووٹ لینے آتی ہیں لیکن کراچی کو کسی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ بد ترین حالات میں بھی کراچی کے عوام نے گزشتہ سال کی نسبت 42فیصد زیادہ ٹیکس اد ا کیا ، بد قسمتی سے بیوروکریسی اور دیگرادارے بھی کراچی کو اون کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں ،کراچی کے عوام کو امانت دار قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا ، عوام آج یوم آزادی کے موقع پر عہد کریں کہ 28اگست کے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے نمائندوں کو منتخب کریں تاکہ کراچی کی تعمیر وترقی کا سفر دوبارہ شروع کیا جاسکے ۔