ملک و قوم کو کسی بھی حادثہ سے بچانے کے لئے ہر ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرے،نصرت ناہید


اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ناظمہ ضلع اسلام آباد، نصرت ناہید نے کہا ہے کہ ملک و قوم کو کسی بھی حادثہ سے بچانے کے لئے ہر ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرے، آزادی کے 75 سال گزر جانے کے باوجود ابھی تک صحیح معنوں میں پاکستان نہیں بن سکا مدینہ طیبہ کے بعد نظریہ حیات کی بنیاد پر قائم ہونے والی مملکت پاکستان ،نظریاتی ریاست کی دوسری مثال تھی مگر افسوس کہ ہماری تعلیم گاہیں جنہیں نسل نو کو اسلامی نظریہ حیات سے آراستہ کرنا تھا وہی آج الحاد اور دہریت کا پرچار کر رہی ہیں

ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ناظمہ ضلع اسلام آباد، نصرت ناہید نے پاکستان کے یوم آزادی کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک اس وقت سیاسی انتشار اورمالی بحران کی زد میں ہے ایک ہیجان کی کیفیت ہے جسے سیاست دان روزوشب اپنی شعلہ بیانیوں سے مزید بڑھار ہے ہیں اور ذاتی مفاد کی خاطر ملکی مفادکی قربانی دی جا رہی ہے، ملک کو دشمنوں کے نرغے میں دے دیا گیا ہے تاکہ کچھ لوگوں کا کاروبار چمکے اور کچھ کا اقتدار جبکہ عوام کی کسی کو کوئی پرواہ نہیں نہ ہی ان کا کوئی پرسان حال ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف بیماری ،بے روزگاری اور مہنگائی کا عذاب ہر گھر پر مسلط دوسری طرف کسی فرد اور ادارے کو کسی احتساب کا ڈر نہیں رہا۔ کشمیری حریت پسند لاچارگی سے دوچار ہیں ہمارا رویہ مسلسل غفلت پر مبنی ہے۔اب وقت کا تقاضا ہے کہ ہر ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرے تاکہ کہ آتش فشانی دہانے پر کھڑے ملک و قوم کسی حادثے کا شکار نہ ہوجائیں، تذبذب کی اس کیفیت سے جتنی جلدی نکلا جا سکے ملک اور قوم کے لئے اتنا ہی بہتر ہے۔