ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کیلئے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں آگاہی مہم جاری


اسلام آباد(صباح نیوز)قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر جدوجہد کا سلسلہ جاری ہے۔ مسومین تنظیم کے  اراکین نے ڈاکٹر عافیہ کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کیلئے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کمپین کا سلسلہ جاری رکھاہوا ہے ۔  گذشتہ روز بھی ڈاکٹر عافیہ کے سپورٹرز حکومت پاکستان کو توجہ دلانے اور عوام کی آگاہی کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میںبینرز لے کر گئے اور لوگوں میں کتابیں اور پمفلٹ بھی تقسیم کئے۔

عافیہ موومنٹ  پاکستان سے جاری تفصیلات کے مطابق اس موقع پر مسومین کی بانی صدر نادیہ نعیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کے کیس کی نشاندہی سب سے پہلے عمران خان نے ہی کی تھی ۔ اس وقت وہ اپوزیشن میں ہوتے تھے اور کہتے تھے کہ ایک حکمران کیلئے شرم کا مقام ہے کہ اس کے ملک کا کوئی بے گناہ شہری کسی دوسرے ملک میں قید ہو۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک بہادر اور سچے لیڈر سمجھے جاتے ہیں تو پھر کیا بات ہے کہ انہوں نے اقتدار میں آنے کے تین سال بعد بھی اپنا وعدہ پورا نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ عمران خان اللہ کی طاقت سے اقتدار میں آئے ہیں اس لئے انہیں اللہ کی طاقت پر بھروسہ کرتے ہوئے عافیہ کو واپس لانا چاہئے۔

نادیہ نعیم نے مزید کہا کہ وزیراعظم کو کرپشن کے خاتمے کی طرح عافیہ کی وطن واپسی پر بھی جراتمندانہ موقف اپنانا چاہئے۔ جس طرح وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ چاہے میری حکومت ہی چلی جائے ، میں چوروں کو نہیں چھوڑوں گا۔وزیراعظم کو یہ موقف قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے معاملے میں بھی اپنانا چاہئے کہ چاہے میری حکومت چلی جائے میں ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لانے کا وعدہ ضرور پورا کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ مسومین ، عافیہ موومنٹ کے شانہ بشانہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی مہم میں ا س لئے حصہ لے رہی ہے کہ دونوں تنظیموں کا موقف عدم تشدد اور اعتدال پسندی کو  فروغ دینا اور مظلوموں کی مدد کرنا ہے۔