اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پرمسلم لیگ (ن)کی نائب صدرمریم نواز کے وکیل عرفان قادر پیش نہ ہوسکے ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اخترکیانی نے مریم نواز کی اپیل پر سماعت کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پیش ہوئے۔مریم نواز کے وکیل عرفان قادر کی جانب سے التوا کی درخواست عدالتِ عالیہ میں پیش کی گئی۔
درخواست کے مطابق عرفان قادر سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز کے وکیل عرفان قادر کی التوا کی درخواست منظور کر لی۔
عدالتِ عالیہ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی اپیل پر سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کر دی۔