قصور(صباح نیوز)کالعدم تنظیم ٹی ایل پی اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے دوران شہید ہونے والے اے ایس آئی محمد اکبر اعوان کی قصور میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی
شہید پولیس اہلکار محمد اکبر اعوان قصور کی تحصیل چونیاں کے رہائشی تھے، جو جھڑپوں کے دوران فائرنگ سے شہید ہوئے تھے۔
ورثا کے مطاق شہید اے ایس آئی اکبر اعوان کی نمازِ جنازہ صبح 11بجے کمیٹی باغ چونیاں میں ادا کی گئی،نماز جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
اہلِ خانہ کے مطابق شہید اے ایس آئی محمد اکبر چونیاں کے نواحی گائوں عالم والا کھوہ کے رہائشی تھے۔شہید کے بھائی کے مطابق محمد اکبر نے پسماندگان میں 7سالہ بیٹی چھوڑی ہے، ان کی اہلیہ 6ماہ قبل انتقال کر گئی تھیں۔
شہید کے بھائی کا کہنا ہے کہ مذہب کسی کے بھائی باپ کو اس طرح شہید کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم بھی عاشقِ رسول ۖ ہیں مگر کسی کے بھائی یا باپ کو مار نا جائز نہیں، حکومت کو یہ مسئلہ حل کرنا چاہئے۔