مولانافضل الرحمان  کے ہاتھ کچھ آنے والا نہیں، حکومت مدت پوری کریگی،شیخ رشید


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کہ مولانافضل الرحمان  کے ہاتھ کچھ آنے والا نہیں، حکومت مدت پوری کریگی  اور الیکشن تک ہم اپنی صورتحال کو مزید بہتر بنالیں گے۔

ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے نادرا ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ابھینندن کو ایوارڈایسے ہی ملا ہے جیسے اپوزیشن کو ایوارڈملا ہوا ہے، ابھینندن کو یہ ایوارڈ ملا ہے کہ تو نے خوبصورتی سے طیارہ گرایا،بھارتی وزیر دفاع نے بڑی باتیں کی ہیں کہ ہم سرجیکل اسٹرائیک بھی کرسکتے ہیں اور ایئر اسٹرائیک بھی کرسکتے ہیں ، ان تلوں میں تیل نہیں، پاکستان کی عظیم فوج اور عظیم دفاعی لائن ہے ، اب تو22،23کروڑ ہر آدمی پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے اور پاکستان کے دفاع کے لئے کھڑا ہے کوئی بھی پاکستان کا دشمن یہ بھول جائے کہ پاکستان کی سرحدوں کو چھیڑا جاسکتا ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ ہمارے اندرونی مسئلوں سے انتشار اور خلفشار پیدا کیا جاسکتا ہے اور جو بھی بیو قوف اوربدنصیب پاکستان کی سرحدوں کو چھیڑے گا وہ نہ صرف پاکستان کو سیسہ پلائی دیوار پائے گا بلکہ ان کے ایسے دانت کھٹے کریں گے کہ پچھلے سارے بدلے بھی اتار لیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور وزیر اعظم عمران خان ، اللہ کے حکم اور نبی ۖ کے صدقے پانچ سال پورے کریں گے اور الیکشن تک ہم اپنی صورتحال کو مزید بہتر بنالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ میں نے پی ڈی ایم کے پشاور کے جلسے کو دیکھا ہے ، اگر میں پشاور جا کر اکیلا بھی جلسہ کروں تو پی ڈی ایم کے پشاور جلسے سے بڑا جلسہ کروں گا۔ پی ڈی ایم کے تلوں میں تیل نہیں ہے، مولانافضل الرحمان پوری کوشش کررہے ہیں لیکن ان کے ہاتھ کچھ آنے والا نہیں۔ 24گھنٹے اتنا ٹی وی مضبوط ہے، جب میں پی ٹی وی چلاتا تھا تو سوچتا تھا کہ یااللہ یہ 24گھنٹے پروگرام کیسے پورے ہوں گے، اگر یہ ویڈیو، آڈیو اورایسی باتیں نہ ہوں تو یہ24گھنٹے پروگرام کیسے چلے۔

انہوں نے کہا کہ مارچ اپریل میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔چینی کی قیمت کم ہوگئی ہے، چینی اور چاول کی قیمتیں کم ہوگئی ہیں ، آج آن لائن ویزے میں پانچ مختلف کیٹیگریز کا اضافہ کیا ہے، جب سال پورا ہوگا تو ای پاسپورٹ کا اعلان کریں گے، اگر پاسپورٹ میں نام بدلنا ہے تو آن لائن کیا جاسکے گا۔۔