امام حسین نے گردن کٹوا دی لیکن باطل نظام کو قبول نہیں کیا ،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی،سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ اور مرکزی رہنمائوں علامہ عارف واحدی، پیر صفدر گیلانی، علامہ سید ثاقب اکبر، سید ناصر شیرازی، رضیت باللہ، نذیر احمد جنجوعہ، مفتی گلزار نعیمی، پیر عبدالشکور نقشبندی، اسد اللہ بھٹو اور عبداللہ گل نے مشترکہ بیان میں کہا کہ یوم عاشورہ واقعہ کربلا کے عظیم، تاریخ ساز مبنی برحق پیغام کا دن ہے. اسلام نے ملوکیت کی بجائے خلافت کا نظام عطا کیا ہے. یزید کو تمام اسلامی روایات، قیادت و امارت کے اصول پامال کرکے ریاستی قوت کے ساتھ مسلط کیا گیا،اس عظیم خرابی کے اثرات آج تک ملت اسلامیہ پر قائم ہیں،امام عالی مقام سیدنا حسین رضی اللہ عنہ نے اسلام کی روح کے مخالف آمرانہ فیصلوں، اسلامی ریاست کے بنیادی اصولوں کی حفاظت اور باطل کے مقابلہ میں حق کا علم بلند کرنے کے لیے گردن کٹادی، پورا خاندان کٹادیا لیکن باطل نظام کو قبول نہ کیا. یزیدی نظریہ قیامت تک رسوا رہے گا اور اسلامی انقلاب کا حسینی نظریہ ہمیشہ سلامت رہے گا.

لیاقت بلوچ نے کہا کہ شہدائے اسلام کی عظیم قربانیاں اتحاد امت کا ذریعہ بنائی جائیں. خاتم الانبیا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے براہ راست تربیت یافتہ اہلِ بیت، خلفائے راشدین، صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین کا تقدس قائم رکھا جائے، دل آزاری، فتنہ پروری، فرقہ واریت اور تکفیری اتحادِ کے لیے زہرِ قاتل ہے. علما، خطبا، ذاکرین، نوحہ خواہاں دینی مشترکات، عظیم مقصد، اتحاد و وحدت کا اسلوب اختیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ آج عالمِ اسلام کی کمزوریوں اور انتشار کی وجہ سے فلسطین کے مظلوم فلسطینی صیہونیت کے ظلم اور کشمیری ہندو فاشزم کا شکار ہیں. خونِ مسلم ارزاں ہے. اتحاد، اتفاق اور وحدت ہی ملتِ اسلامیہ کی طاقت ہے.ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنمائوں نے اعلان اور عزم کا اظہار کیا ہے کہ تمام دینی جماعتیں مقدسات کا احترام، یوم عاشور کی عظمت اور خانوادہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی عظیم قربانیوں کے پیغام کو امن، سلامتی، باہمی احترام کا ذریعہ بنائیں گی،ریاستی و قانون نافذ کرنے والے ادارے شرپسندوں، فرقہ پرستوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کریں، ملی یکجہتی کونسل کے ضابطہ اخلاق کو عمل میں لایا جائے۔