پنجاب کی 21رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا


لاہور(صباح نیوز)پنجاب کی 21رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے صوبائی کابینہ سے حلف لیا۔وزیراعلی پنجاب نے صوبائی کابینہ کے لیے اراکین اسمبلی کو وزارتیں سونپی تھیں جس کا نوٹیفکیشن جاری ہوا  جس کے بعد  21 اراکین اسمبلی نے صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا،

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے صوبائی کابینہ سے حلف لیا ،تقریب حلف برداری گورنرہائوس میں منعقد ہوئی،تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی بھی شریک ہوئے ۔حلف اٹھانے والوں میں میاں اسلم اقبال، علی عباس شاہ، محسن لغاری ،غضنفر عباس چھینہ ،تیمور ملک، راجہ بشارت، راجہ یاسر ہمایوں، انصر مجید نیازی، منیب سلطان چیمہ، سردار شہاب الدین شامل ہیں۔مراد راس، یاسمین راشد، خرم شہزاد، ہاشم ڈوگر، سردار آصف نکئی، علی افضل ساہی،

نوابزادہ منصورعلی خان، حسین گردیزی، غضنفر عباس چھینہ، لطیف نذر، حسنین دریشک اور محمود الرشید نے بھی عہدوں کا حلف اٹھایا۔ 21 رکنی کابینہ میں ڈاکٹر یاسمین راشد محکمہ صحت، میاں اسلم اقبال ہاسنگ اور انڈسٹریز کے وزیر ہوں گے، میاں محمود الرشید بلدیات اور مراد راس سکولز ایجوکیشن کے وزیر ہوں گے۔علی افضل ساہی وزیر مواصلات، راجہ بشارت وزیر پارلیمانی امور، پراسیکوشن اور کوآپریٹو ، لطیف نذر مائنز اینڈ منرل اور نوابزداہ منصور کو محکمہ مال کے قلمدان سپرد کئے گئے ۔

وزیر اعلی پرویز الٰہی کی کابینہ میں سردار محسن لغاری خزانہ، سردار شہاب الدین سوشل ویلفیئر، سردار حسنین بہادر دریشک محکمہ خوراک اینڈ لائیو سٹاک، عنصر مجید نیازی محکمہ لیبر اور ملک تیمور کھیلوں کے وزیر ہوں گے ۔دوسری جانب وزیراعلی پنجاب نے 4 سپیشل اسسٹنٹ مقرر کر د یئے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا  ، حلف اٹھانے والوں میں رفاقت علی گیلانی، تیمور لالی، کامران افضل اور خرم منور منج شامل ہیں۔