ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے طویل مدتی حکمت عملی بنانا وقت کی ضرورت ہے۔سینٹر شیری رحمان


اسلا م آباد،کراچی (صباح نیوز)وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینٹر شیری رحمان نے ٹھٹھہ اور بدین کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے طویل مدتی حکمت عملی بنانا وقت کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان نے وزیراعظم کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے قائم کی گئی بنیادی ضروریات کمیٹی کی سربراہی کی۔وزارت موسمیاتی تبدیلی سے منگل کو جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق کمیٹی نے مون سون کے بعد کیٹی بندر، ٹھٹھہ اور بدین کے مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ بارش کی موجودہ صورتحال، مون سون کے سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور اٹھائے گئے امدادی اقدامات کے بارے میں متعلقہ ضلعی کمشنروں کی بریفنگ کے بعد، وفاقی وزیر نے کہا کہ لوگوں کا بہت نقصان ہوا، ان کے جانور ڈوب گئے، فصلیں تباہ اور مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ہم وزیر اعظم سے متاثرین کے لیے فوری امدادی اقدامات کی درخواست کریں گے۔

ٹھٹھہ اور بدین کے علاقوں میں ہونے والی تباہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ضلع ٹھٹھہ سیلاب میں ڈوبا ہوا تھا کیونکہ پانی ہر طرف سے آتا ہے اور یہ ٹیل کے علاقے ہیں۔ میلوں میل کپاس کی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں اور سمندری مداخلت نے فصلوں اور ذریعہ معاش کو تباہ کر دیا ہے، جب کہ بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان نے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے۔ ٹھٹھہ میں سیلاب سے تقریبا 72515 ایکڑ اور بدین میں 25000 ایکڑ فصل کو نقصان پہنچا ہے۔کمیٹی نے مشاہدہ کیا کہ ضلع ٹھٹھہ کے مسائل بدین سے بالکل مختلف ہیں، حالانکہ دونوں میں بارشوں کے علاوہ سارا سال خشک سالی اور مٹی کے نمکین ہونے کے مسائل ہوتے ہیں۔

بدین میں دھان کے چاول کے کھیتوں کو اس سال ہیٹ ویو کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہ وہاں بوائی کے لیے کافی پانی نہیں تھا اور سیلاب نے فصلوں کو بری طرح متاثر کیا۔اگر دونوں علاقوں میں مون سون کے اگلے دور سے بچنا ہے تو کھدائی کرنے والی مشینوں اور پانی کے پمپ کو دوگنا کرنا پڑے گا۔ ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں مون سون کی بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیں گے اور وزیر اعظم کو مکانات اور جانی نقصانات کے معاوضے کی ادائیگی، نکاسی آب کے نظام میں تبدیلیوں اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی کی سفارش کریں گے۔پوری دنیا موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات سے گزر رہی ہے جس کی وجہ سے گرم لہروں اور جنگلات میں آگ لگ رہی ہے۔ ہمیں مل کر ان بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں علاقوں کی بحالی پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے