وزیراعظم کا آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کو ٹیلیفون


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کیا اور آرمی ایوی ایشن کے لاپتا ہیلی کاپٹر سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

آرمی چیف نے وزیراعظم کو گزشتہ شب سے جاری تلاش کی کارروائیوں سے متعلق آگاہ کیا جبکہ اس موقع پر وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت آرمی کے 6 افسران اور جوانوں کی سلامتی سے متعلق تشویش و فکر مندی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ایک بہترین پروفیشنل اور نہایت اچھے انسان ہیں، دعاگو ہوں کہ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام لوگ بحفاظت ہوں۔وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وطن کے ان بہادر بیٹوں کی بحفاظت واپسی کے لیے خصوصی دعا کریں، پوری قوم اس حادثے پر انتہائی افسردہ ہے۔

آرمی چیف سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب زدگان کے لئے امدادی کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فرض شناس بیٹے خدمت کی اعلیٰ مثال بن کر سامنے آئے ہیں، یہ ہے اپنے بھائیوں بہنوں، بچوں کی خدمت کا وہ عظیم جذبہ جو پاکستان کی حقیقی طاقت ہے۔