میری نظر میں عمران خان آؤٹ ہے، اکبر ایس بابر


اسلام آباد(صباح نیوز)پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ فیصلہ جو بھی آئے وہ سپریم کورٹ تک بھی جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اکبر ایس بابر نے کہا کہ یہ جنگ حق و باطل کے درمیان تھی اور اس میں جیت سچائی کی ہوگی، فیصلہ جو بھی آئے ہم سپریم کورٹ میں بھی جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میری نظر میں عمران خان آئوٹ ہے، اب یہ طے کرنا باقی ہے کہ وہ کلین بولڈ ہیں یا سلپ پر آئوٹ ہوئے۔

اکبر ایس بابرنے کہا کہ پوری توقع ہے کہ فیصلہ میرے حق میں آئے گا، 8 سال پہلے دو رکعت نفل پڑھے تھے اور آج بھی دو رکعت نفل پڑھ کر نکلا ہوں، اللہ سے انصاف کی دعا کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس میں یہاں تک پہنچنا بھی بہت بڑی بات ہے، میں آخری وقت تک لڑوں گا اور فتح پاکستان کی ہوگی۔