جاوید اقبال نے پی اے سی میں طلبی کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا


اسلام آباد (صباح نیوز)سابق چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں طلبی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

ہائی کورٹ بار کے صدر شعیب شاہین کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ 7 جولائی کے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میٹنگ منٹس غیر قانونی قرار دیے جائیں، پبلک اکاؤئنٹس کمیٹی میٹنگ منٹس کے تناظر میں ڈائریکشن احکامات غیر قانونی قرار دئیے جائیں اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو درخواست گزار کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی سے روکا جائے۔

درخواست میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری قومی اسمبلی اور سیکرٹری پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو فریق بنایا گیا ۔سابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے لاپتہ افراد کمیشن کی سربراہی بچانے کے لیے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے عہدے سے ہٹانے کی سفارش بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی۔درخواست میں موقف اپنایا کہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اختیار سے تجاوز کر رہے ہیں، عدالت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سفارش کو کالعدم قرار دے۔