کراچی (صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے علمائے کرام پر زور دیا ہے کہ وہ محرم الحرام میں اتحاد امت کو برقرار اور حکومت سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائے، لیاری کے منتخب نمائندے سید عبدالرشید کی جانب سے مسائل کے حل کیلئے پرامن احتجاج پر پولیس تشدد اور ایف آئی آر درج کرنے کی سخت مذمت اور حکومتی جماعت کی بوکھلاہٹ کی نشانی ہے،جھوٹی ایف آئی آر ختم اورکارکنان پرتشدکرانے والے پولیس افسرکے خلاف کاروائی نہ کی گئی توپورے سندھ میں احتجاج کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں سندھ کی سیاسی صورتحال، بلدیاتی انتخابات اور دیگر دعوتی اور تنظیمی امور پر غور کیا گیا جبکہ صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ پیش کیا۔
صوبائی امیر نے مزید کہا کہ حکومتی دعووں کے برعکس معیشت تباہ اور مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے۔حکومتی کرپشن اوراقرباپروری سے سندھ کا ہرشہر موئن جو دڑو بنادیا گیا ہے۔اے پی ڈی ایم کو جب حکومت دلائی گئی تو ڈالر 178روپے کا تھا جواب ڈھائی ماہ میں 250 تک پہنچ گیا ہے،روپے کی مسلسل بے قدری اور ڈالر 33فیصد اضافہ قابل تشویش اور حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے،مہنگائی 37فیصد تک پہنچ گئی ہے عام آدمی دووقت کی روٹی کیلئے بھی سخت پریشان ہے ۔
اجلاس میں 8,9اور10محرم الحرام کو ضلعی تربیت گاہیں،ہفتہ جشن آزادی اور جماعت اسلامی کا26اگست کو جماعت اسلامی کا یومِ تاسیس بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
دریں اثنا جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے سینئر صحافی اور کراچی پریس کلب کے روح رواں اختر بلوچ کے انتقال پر گھرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔