خیرپور(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 75سال گذرجانے کے باوجود چیف جسٹس کے ہاتھ میں انگریز کا کتاب اور ملک میں انگریز کا نظام قائم ہے، سودی نظام کو حرام اور اللہ ورسول کے ساتھ جنگ قراد دیا گیا مگر مفاد پرست حکمران ٹولہ اللہ کے احکامات کی خلاف ورزی اور سودی نظام کو جاری رکھنے پر بضد ہے۔ مہنگائی بیروزگاری اور بارش سمیت قدرتی آفات اسی کا نتیجہ ہے جماعت اسلامی ملک میں اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کے نفاذ کیلئے جدوجہد کررہی ہے، ہر جانے والا خود باقی رہنے والوں کو یہ پیغام دیتا ہے کہ ہر فرد کو موت کا مزہ چکھنا ہے
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹھارجہ خیرپور میں صوبائی نائب امیر ممتاز حسین سہتو کے والد اور جماعت اسلامی کے دیرینہ رکن لعل محمد سہتو کی نماز جنازہ پڑھانے سے قبل اجتماع سے خطاب کے دوران کیا، نماز جنازہ میں مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو، صوبائی نائب امرائ پروفیسر نظام الدین میمن،حافظ نصراللہ چنا، جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نائب قیمین عبدالحفیظ بجارانی،مولانا حزب اللہ جکھرو،امرائے اضلاع اور دیگر مقامی رہنما ،جمعیت و جماعت کے کارکنان اور معززین علاقہ سمیت قریبی رشتہ دار بڑی تعداد میں شریک تھے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ زندگی بہت مختصر ہے ہم سب کو اللہ کے حضور حاضر ہونا ہے، مرحوم نے پوری زندگی اللہ کے دین کیلئے وقف کردی اور اپنی اولاد کو بھی اسی کام میں لگائے رکھا
انہوں نے کہا کہ جنت بزدل وبیغیرتوں کیلئے نہیں ہے، ہم سب کو اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کیلئے جدوجہد کرنی چاہئے ہمارا ووٹ اور سپورٹ بھی اللہ کے دین کو نافذ کرنے کیلئے ہونا چاہئے۔ اسی میں ہی ہماری دنیا و آخرت کی کامیابی مضمر ہے۔