بجلی کے بلوں کے ذریعے سپرٹیکس لینے کا سلسلہ فوراً بند کیا جائے، فرید احمد پراچہ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ سپر ٹیکس کے نام پر غریبوں پر ٹیکسوں کی بوچھاڑ کر دی گئی ہے۔ تاثر یہ دیا گیا تھا کہ یہ براہ راست ٹیکس ہیں اور یہ بڑے سرمایہ داروں سے وصول کیے جائیں گے۔ بجلی کے بلوں کے ساتھ اندھا دھند ٹیکس لگائے جا رہے ہیں۔ 30یونٹ بجلی کے بل والے کو 8ہزار روپے اور 40یونٹ والے کو 12ہزار روپے ٹیکس آیا ہے۔ حکمران اللہ سے ڈریں، ان غریبوں، مظلوموں کی آہیں، فریادیں عرش الٰہی تک جاتی ہیں۔

منصورہ سے جاری بیان میں انھوںنے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر خزانہ جائزہ لیں کہ سائیکل کو پنکچر لگانے، گولیاں، ٹافیاں اور پکوڑے، سبزیاں بیچنے والوں کو بھاری بل کون بھیج رہا ہے اور آپ کے اقتدار کے خلاف یہ سازش کہاں سے ہو رہی ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کے بلوں کے ذریعے سپرٹیکس لینے کا سلسلہ فوراً بند کیا جائے۔