لاہور (صباح نیوز)سیکرٹری بلدیات پنجاب نورالامین مینگل نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان سے ملاقات کی،پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے اخراجات، الیکشن کے طریقہ کار، بیلٹ پیپرز کی تعداد ،حلقہ بندیوں اور بلدیاتی ایکٹ 2021کے نفاذ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ ملاقات میں بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کے لیے ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا گیا۔لوکل گورنمنٹ اور الیکشن کمیشن کے آفیشلز ورکنگ گروپ کا حصہ ہوں گے،ورکنگ گروپ مقررہ وقت پر حلقہ بندیوں،الیکشن پر آنے والے اخراجات لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے حوالے سے کوآرڈینیشن کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات مارچ میں کروانے کے لیے ورکنگ گروپ کو اہم ذمہ داریاں تفویض کر دی گئیں ،ملاقات میں بلدیاتی ایکٹ 2021کے نفاذ کے بعد 10روز میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کروانے پر بھی غور کیا گیا۔ملاقات میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمیشن پنجاب سائیں بخش،ڈائریکٹر الیکشن کمیشن پنجاب عبد الحمید اور لوکل گورنمنٹ کے لیگل ایڈوائزرز بھی موجود تھے۔