جہازی سائز کی کابینہ کی حلف برداری فیصلے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے،پرویز الہیٰ


لاہور(صباح نیوز)پنجاب کابینہ کے حلف پر ردعمل میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہی نے کہا ہے کہ جہازی سائز کی کابینہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، ٹرسٹی وزیراعلی نے اقتدار بچانے کیلئے پنجاب حکومت کے خزانے کا منہ کھول دیا۔

حمزہ شہباز نے اپنے ساتھ ہر تین ارکان اسمبلی میں سے ایک شخص کو وزیر بنا دیا ہے یا وزیر کے برابر درجہ دے کر سرکاری مراعات کی بارش کردی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کابینہ کا حلف کسی مذاق سے کم نہیں، 63 وزرا، مشیر، معاون خصوصی یا پولیٹیکل اسسٹنٹ یا وزیر کے برابر مراعات دے کر ٹرسٹی وزیراعلی سپریم کورٹ کے حکم کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا پنجاب کابینہ کی حلف برداری اور کابینہ کا یہ سائز بھی ان حکمرانوں کو نہیں بچا سکتا، غیر آئینی اقدامات کے مرتکب ہونے والے ان حکمرانوں پر توہین عدالت بھی لگنی چاہئے۔