ارکان کی خرید و فروخت نے نام نہاد جمہوریت پسندوں کے چہروں سے نقاب اتار دیاہے،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہاہے کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کو سری لنکا بنانے کی کوششیں کی جارہی ہے۔ معیشت برباد اور مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ سیاسی مخالفت کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کرنا انتشار اور افراتفری کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔ ارکان کی خرید و فروخت نے نام نہاد جمہوریت پسندوں کے چہروں سے نقاب اتار دیا ہے۔قومی اسمبلی کے بعد پنجاب اسمبلی میں بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں ہارس ٹریڈنگ سے ثابت ہو گیا ہے کہ مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف دونوں ملک میں آئین و قانون کی بالادستی نہیں چا ہتے بلکہ اپنے پارٹی مفادات کے لئے انہوں نے جمہوریت کے ساتھ گھناونا کھیل کھیلا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ چکا ہے اور سیاسی رہنمائوں کی ساری توجہ اقتدار حاصل کرنے پر مرکوز ہوچکی ہے۔ ان بدترین حالات کی مکمل ذمہ داری سیاسی قائدین پر ہوتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حالات کے تناظر میں معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کیا جانا چاہیے۔ بے یقینی اور سیاسی عدم استحکام کی فضا کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ المیہ ہوگا کہ مفاہمت کے لیے نرم مداخلت اور غیر روایتی سرگرمیوں کی حمایت کی جائے ، اس عمل سے عوام میں یہ تاثر جائے گا کہ سیاستدان اس قدر اہل بھی نہیں کہ آپس کے معاملات کوبیٹھ کر حل کرسکیں۔ ملک میں جارحانہ سیاست کی گنجائش نہیں۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک کو آئین کے مطابق چلانا ہوگا۔ آئین کی اپنے مطلب کی تشریح کرکے قوم پر مسلط کرنا درست نہیں۔ عدالتی فیصلوں کا احترام ہونا چاہیے ۔ پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنانا ہوگا۔ قوم کو اداروں کے سامنے کھڑا کرنے کے نتائج خطرناک ہوں گے