فیصل آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیرسردارظفرحسین خان نے گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے انکشافات اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو لیک ہونے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے 2018کے انتخابات میں اداروں اور عدلیہ کی مداخلت کے ثبوت آنے پر اخلاقی جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمران کوازخود مستعفیٰ ہو جانا چاہئے۔
ثاقب نثار اگر سچے ہیں تو فوری اپنا بیان حلفی جمع کروائیں، پی ٹی آئی وزراء کے ثاقب نثار کے حق میں بیانات سے لگتا ہے،دال میں کچھ کالاہے ۔
ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ عالمی اداروں نے تو پہلے ہی انصاف کی فراہمی میں پاکستان کو 128 ویں نمبرپر قرار دیا ہے ، سابق چیف جسٹس کی اس حرکت سے عدلیہ کی بدنامی اور وقار مجروح ہونے کے ساتھ دنیا بھرمیں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ہے، اگر سابق جج رانا شمیم نے جھوٹا بیان حلفی جمع کروایا ہے یالیک آدیو جعلی ہے تو انہیں قرارواقعی سزادی جائے لیکن اگر ثاقب نثار اس حرکت کا مرتکب ہواتو انہیں عبرت کا نشان بنادیا جائے۔
پاکستان کے انصاف کے اداروں کی عالمی سطح پر بدنامی کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں،اگر منتخب وزرائے اعظم جیل بھیجے جا سکتے ہیں تو سابق جج کو قرار واقعی سزادی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء اور وزیراعظم کی طرف سے فوری طور پر اور بغیرسوچے سمجھے جج رانا شمیم پر تنقید اور ثاقب نثار کے حق میں بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت بوکھلا گئی ہے ،جو کام ان کے دور حکومت میں وقوع پزیرہی نہیں ہوااس کی صفائیاں دینے پر خود پی ٹی آئی نے اپنے آپ کو مشکوک بنا لیا ہے۔انہوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل کی ہے اس پر اعلیٰ سطح کا کمیشن بنایا جائے ۔