برطانوی لیبر پارٹی کے فرینڈز آف کشمیر گروپ کے مذاکرے میں عبدالرشید ترابی کی شرکت


لندن(صباح نیوز)برطانوی  لیبر پارٹی کے فرینڈز آف کشمیر گروپ  کے تحت  ہائی ویکمب میں ایک  مذاکرے میں مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی اداروں کی سرد مہری پر تشویش کا اظہار کیا ہے  اور عالمی برادری سے مقبوضہ علاقوں میں منصفانہ کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

برطانیہ کے شہر ہائی ویکمب میں لیبر پارٹی کے فرینڈز آف کشمیر گروپ نے انسانی حقوق کے موضوع پر مذاکرے کا اہتمام کیا جس میں ممبران پارلیمنٹ  ناز شاہ، سابق ممبر آزاد کشمیر اسمبلی  عبدالرشید ترابی نے بھی اظہار خیال کیا۔مذاکرے کا اہتمام مقامی کاروباری شخصیت نعیم طاہر ، لیبر پارٹی کے راہنما ڈیوڈ ٹیلر اور مشتاق لاشاری نے کیا تھا۔

مذاکرے میں مقررین نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی اداروں کی سرد مہری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے  اس  سرد مہری  کوطے شدہ عالمی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا اور مقبوضہ علاقوں میں منصفانہ کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

مذاکرے کے منتظمین کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ آئندہ قومی انتخابات سے قبل لیبر پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے تاکہ برسراقتدار آکر برطانوی پارلیمنٹ کے ذریعے ایسی منصفانہ پالیسی مرتب کی جا سکے جس سے کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کو بنیادی انسانی حقوق مل سکیں ۔

تقریب کے شرکا نے ہائی ویکمب اور گردو نواح کے ملحقہ علاقوں میں لیبر پارٹی کی عالمی اور مقامی سطح پر پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے کا عزم کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ برسراقتدار آ کر لیبر پارٹی  مقبوضہ ممالک میں مسلمانوں سے غیر منصفانہ اور ظالمانہ طرز حاکمیت کو روکنے کے لیے پارلیمنٹ سمیت اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔