اسلام آباد(صباح نیوز)نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قیدجموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین یاسین ملک اپنے خلاف دائر فرضی مقدمات میں غیر منصفانہ عدالتی کارروائی کے خلاف 22 جولائی سے غیر معینہ مدت تک کے لئے بھوک ہڑتال شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان کے مطابق یاسین ملک نے بھوک ہڑتال شروع کرنے کے پروگرام سے بھارتی حکام کو تہاڑ جیل حکام کے زریعے ایک خط کے زریعے آگاہ کیا ہے ۔ 13جولائی کو ایئرفورس مقدمے کی سماعت کے دوران تہاڑ جیل سے آن لائن پیشی پر یاسین ملک نے جموں ٹاڈا کورٹ کے فاضل جج کو منصفانہ عدالتی سماعت اور اپنی جسمانی حاضری پر ایکبار پھر استفسار کرتے ہوئے بیان دیا کہ اگر حکومت ہندوستان نے حق و انصاف پر مبنی میرے یہ قانونی مطالبات تسلیم نہیں کئے تو وہ درج بالا تاریخ سے جیل میں بھوک ہڑتال کا آغاز کریںگے۔
ترجمان کے مطابق یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ محمد یاسین ملک نے دراصل جولائی کی گذشتہ عدالتی سماعت سے ایک روز قبل یعنی جولائی سے اس بھوک کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو انہوں نے جیل حکام کی طرف سے کچھ دنوں کی مہلت دینے کی درخواست پر دس روز کے لئے موئخر کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کی سپریم کونسل کے اجلاس میں باتفاق رائے طے پایا کہ قائد انقلاب محمد یاسین ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر لبریشن فرنٹ کی طرف سے ، اور 21،22اور23 جولائی کو اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت آزاد کشمیر گلگت بلتستان میں ضلعی سطح کے علاوہ دنیا بھر میں بالخصوص لندن ، برسلز اور نیویارک جیسے اہم مراکز میں علامتی احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ منعقد ہوں گے۔
اس ضمن میں قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان اور وائس چیئرمین سلیم ہارون کی قیادت میں پارٹی کے دیگر زعما و ممبران اور سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے لیڈران و کارکنان نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے ، اور 21،22اور23 جولائی کو تین روزہ بھوک ہڑتالی کیمپ منعقد ہوگا۔ترجمان کے مطابق شرکائے اجلاس نے اتفاق رائے کے ساتھ موجودہ صورتحال کے پیش نظر 5 اگست کے مجوزہ سیزفائر لائن عبور کرنے کے پروگرام کو فی الوقت موئخر کرنے کا فیصلہ کیا۔
تاہم اس اقدام کو فیصلہ کن مرحلے پر آخری آپشن کے طور پر پوری قومی یکسوئی اور بھر پور عوامی قوت کے ساتھ استعمال کرنے کی غرض سے عوامی سیاسی رابطہ مہم جاری رکھنے اور تنظیم سازی کے عمل کو مذید وسیع اور تیز تر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے زونل صدور و دیگر زونل ذمہ داران کے ساتھ ساتھ ہر جگہ پر موجود مقامی، زونل و مرکزی قیادت کو متحرک کردار ادا کرنے پر زور دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے موضوع پر شرکائے اجلاس کے درمیان اختلاف رائے موجود ہونے کے باوجود سیر حاصل گفتگوکے بعد آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ساجد صدیقی کی سربراہی میں ایک انتخابی تجزیاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو زمینی حقائق، انتخابی نظام، تحریک و تنظیم کی ضروریات اور پارٹی پوزیشن پر مبنی ایک مفصل رپورٹ پیش کرکے سپریم کونسل کے آئندہ کے اجلاس میں اپنی سفارشات پیش کریں گے۔
ممبر سپریم کونسل اعظم ضیا، چیئرمین ایس ایل ایف عبدالرحیم ملک ایڈووکیٹ، زونل جنرل سیکریٹری سردار ارباب ایڈووکیٹ، زونل چیف آرگنائزر بابر شکور، ممبر زونل ورکنگ کمیٹی ڈاکٹر لیاقت نقشبندی، ضلع صدر پونچھ حاجی ابراھیم اور ممبر زونل ورکنگ کمیٹی راجہ سلیمان کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔