کوئٹہ(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہا ہے کہ مچھیروں کے کاروبار بند،سرحد سے تجارت بند ،غربت ،بے روزگاری اورمہنگائی عروج پرعوام کریں تو کیا کریں ۔بھارتی جاسوس کی رہائی کیلئے پارلیمنٹ ترمیم کررہی ہے جبکہ گوادر کے مچھیروں کے خلاف کاٹی گئی ایف آئی آرواپس نہیں لے جارہی ۔تلاشی لینے والوں کو تمیز تو سیکھادیں سیکورٹی کے نام پر عوام کی تذلیل بدترین ظلم ہے۔ چیک پوسٹوں سے دہشت گردی میں کمی کے بجائے اضافہ ہوا ہے اگرتوعزت دار کی عزت پر ہاتھ ڈالیں گے تو وہ دہشت گردضرور بنے گاحکمران مظلوم عوام کے لہجے کو ٹھیک کرنے کے بجائے اپنے کرتو ت ٹھیک کردیں ۔امریکی بھارتی جاسوسوں کوعزت دینے والے بلوچستان کے عوام کو بھی عزت دیں۔سیکورٹی کے نام پر خرچ ہونے والی رقوم کہاں خرچ ہورہی ہے کوئی پوچھنے والا نہیں۔ہندوستان والے بغیر ویزے کے کوری ڈورآسکتے ہیں تو بلوچستان والے ایران وافغانستان سے بغیر ویزے کے آسانی سے تجارت کیوں نہیں کرسکتے ۔بھاری سکھوں کو آسانی اور بلوچستان کے محب وطن عوام کو مشکلات کیوں دیے جارہے ہو۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے گوادرمیں حق دو تحریک کے زیراہتما م عوامی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر حق دو تحریک کے روح رواں جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولاناہدایت الرحمان بلوچ ،صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی بھی موجود تھے انہوں نے کہاکہ پاکستان کسی کی جاگیر نہیں ۔یہ غیروں کی کالونی نہیں بلکہ مظلوم وغریب اور غیرت مند عوام کے ہیں۔جماعت اسلامی دھرنے کے تمام مطالبات کی حمایت کرتی ہے یہ گوادر مکران کے نہیں پورے پاکستان کے عوام کے مطالبات ہیں۔قومی جماعتیں گوادر کے عوام کے دھرنے کی حمایت کریں اوران کی آوازمیں آوازملاکر ان کی جدوجہد میں تیزی وکامیابی لے آئیں۔ دھرنے کا پیغام پورے پاکستان کو پہنچائیں گے۔دھرنے کے عوام مطالبات منوانے میں ضرورکامیاب ہوں گے۔یہ جائز مطالبات ہیں اور انہیں پوری قوم کی حمایت حاصل ہے۔ ہدایت الرحمان بلوچ کی قیادت میں حق لینے کی تحریک کے زیراہتمام دھرنے کے شرکاء کو خراج تحسین پیش کرتاہوں انشاء اللہ یہ تحریک مکران پھر بلوچستان اور اس کے بعد پورے ملک میں اسی طرح تحریک چلیگی اور کامیاب ہوگی حق لینے کی تحریک چلاناوقت کی اہم ضرورت ہے ۔جماعت اسلامی کے مرکزی صوبائی قیادت اور پوری جماعت اسلامی دھرنے کیساتھ ہے حقوق کے حصول کیلئے ہم اسی طرح کے دھرنے شروع کریں گے ۔اگلی اتوار کواسلام آبادمیں سفارت خانوں،حکومتی نمائندوں کے سامنے ہزاروں نوجوانوں کا حقوق کے حصول کیلئے عوامی انقلابی دھرنا ہوگا اوراس دھرنے میں مکران کے نوجوانوں کی ترجمانی کا حق سراج الحق اداکریں گے ۔ہدایت الرحمان بلوچ کو بھی اسلام آباد دھرنے کی دعوت دیتا ہوں ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان جاگیرداروں ،ججوں ،سرداروں وڈیروں اور جرنیلوں کیلئے نہیں بنا ،ایجنٹوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا امریکی غلاموں کے بعد اب چینی ایجنٹ ہم پر مسلط ہونے والے ہیں ۔چھوٹے مچھیروں کو سمندروں میں روکھا جارہے جبکہ بڑے ٹرالرز کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ظلم واستحصال کے خلاف جماعت اسلامی میدان عمل میں موجودہے ۔حکمران عوام کے مسائل کے حل کے بجائے کاروبار میں مصروف ہیں جس کو دفاع کا کام کرنا ہے وہ بھی کاروباری بن گیے ہیں غریبوں پر کاروبار بند کیاجارہا ہے ۔حکومتی سرپرستی میں بدعنوان مافیازہم پر مسلط ہے جس کی وجہ سے غریب غریب تر ،مظلوموں پر ظلم ،انصاف ناپید ،عدالتیں خاموش ہیں ظلم کے خلاف تحریک جو ہر صور ت جاری رکھنا ہوگا ۔بلوچستان کے زخموں پر مرحم رکھنے کی ضرورت ہے بدقسمتی سے بلوچستان میں ساحل سمندرپر ،بارڈر پر غریب وچھوٹے کاروباری حضرات کو کاروبارنہیں کرنے دیاجارہا۔