لاہور(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ برہان وانی نے نوجوانوں کے دلوںمیں آزادی کی شمع کو مزید روشن کیا، مودی حکومت جتنا مرضی ظلم کر لے،کشمیر بھارت کے غاصبانہ قبضے سے جلد آزاد ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے برہان مظفر وانی کی یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا۔ سراج الحق نے کہا کہ کشمیری حریت پسند نوجوان کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خون نے کشمیر کی تحریک آزادی کی آبیاری کی ہے اور نوجوانوں کے دلوںمیں آزادی کی شمع کو مزید روشن کیا ہے۔ منصورہ سے جاری پیغام میں امیر جماعت نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ کشمیر بھارت کے غاصبانہ قبضے سے جلد آزاد ہو گا۔ کشمیریوں کی تحریک آزادی ماند پڑ سکتی ہے اور نہ کچلی جا سکتی ہے بھلے مودی حکومت جتنا مرضی ظلم کر لے۔
انھوں نے کہا کہ برہان مظفر وانی کشمیری نوجوانوں کے لیے آئیڈیل بن کر ابھرے اور ان کی شہادت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ بھارت کے تمام تر ظلم و ستم کے باوجود آج مقبوضہ کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کا علم اٹھائے ہوئے ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے بزدل حکمرانوں نے کشمیریوں سے بے وفائی کی اور ملک کی شہ رگ کا سودا کیا۔ حکمرانوں کی بزدلی کے باوجود پاکستانی قوم اور جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبان ہے۔