شہید برہان وانی کی چھٹی برسی پر اسلام آباد میں حریت کانفرنس کا احتجاجی مظاہرہ


اسلام آباد(کے پی آئی)کل جماعتی کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے زیر اہتمام معروف نوجوان کشمیری رہنما شہید برہان وانی کی شہادت کی چھٹی برسی کے موقع پر اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر یک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

کل جماعتی کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ  کے کنوینیر محمود ساغر کی قیادت میںمظاہرین نے ڈی چوک تک مارچ بھی کیا۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں شہید برہان وانی کی تصاویراور کتبے اٹھا رکھے تھے اوروہ آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلند کر رہے تھے ۔انہوں نے کشمیری شہدا کے حق میں اور جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے اور مظالم کیخلاف فلک شگاف نعرے بھی بلند کئے۔ حریت آزاد کشمیر رہنماؤں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے برہان وانی اور دیگر کشمیری شہدا کو شاندار خراج عقید ت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری شہدا نے ایک عظیم مقصد کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور ان کی قربانیوں ایک دن ضرور رنگ لائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ برہان وانی شہید تحریک آزادی کشمیر کے وہ عظیم نوجوان رہنما ہیں جنہو ں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے تحریک آزادی کشمیرکو ایک نئی جلا بخشی۔

انہوں نے کہاکہ عالمی براری مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے بخوبی آگاہ ہے ۔ حریت رہنمائوں نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارت کشمیریوں کی اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہا ہے تاہم وہ اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا اور کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

مقررین نے مزید کہاکہ شہید برہان وانی نے جام شہادت نوش کر کے تحریک آزادی کشمیر کو نوجوان نسل کو منتقل کیا اور آج کشمیر کا ہر نوجوان برہان وانی کی شکل میں بھارت کے ناجائز تسلط کیخلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑا ہے ۔

حریت رہنمائوں نے اس موقع پر شہدا کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حالیہ دنوں کے دوران شہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی تنظیموں پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے کی ابتر صورتحال کی طرف توجہ مبذول کرے۔