قمر زمان کائرہ کابرہان مظفر وانی کی چھٹی برسی کے موقع پر شہید کو زبر دست خراج عقیدت


اسلام آباد(صباح نیوز) مشیر امور کشمیر و گلگت  بلتستان قمر زمان کائرہ نے شہید کشمیری نوجوان برہان مظفر وانی کی چھٹی برسی کے موقع پر شہید کو زبر دست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ برہا ن مظفر وانی شہید مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف مزاحمت کی ایک ایسی علامت ہے کہ جس نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف اور حق خود ارادیت کے حصول کے لیے مقبوضہ کشمیرکی پڑھی لکھی نوجوان نسل میں جدوجہد کی ایک نئی روح پھونکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ برہان مظفر وانی جیسے سینکڑوں اور ہزاروں عظیم شہدا کی لازوال قربانیاں اس امر کی عکاسی کرتی ہیں کہ آج کا کشمیری نوجوان اپنے آباواجداد سے بھی بڑھ کر ایک جوش وجذبے کے ساتھ اپنا حق خودارادیت حاصل کرنے کے لیے پر عزم ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ قابض بھارتی افواج کشمیری عوام میں جذبہ حق خودارادیت کو ختم کرنے کے لیے کشمیریوں بلخصوص کشمیری نوجوانوں کا بے دریغ قتل عام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ وادی میں کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب نہتے کشمیری نوجوانوں کوجھوٹے سرچ آپریشنز اور گھر گھر تلاشی کی آڑ میں شہیدنہیں کردیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ایک طرف کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کررہا ہے تو دوسری جانب تقریبا 40 لاکھ افراد کو مقبوضہ کشمیر کی شہریت فراہم کی گئی ہے جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرکے کشمیر ی مسلمان اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔ مشیر امور کشمیر نے کہاکہ غیور اور بہادر کشمیری بھارت کے ان اوچھے ہتھکنڈوں کو کسی صورت میں کامیاب نہ ہونے دیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان دنیا کے تمام فورمز پر اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت بلخصوص وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کے لیے دنیا کے تمام فورمز پر اپنی آواز اٹھار ہے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مضبوط اور مستحکم پاکستان انتہائی ضروری ہے اور قومی سلامتی کے اس مسئلے پر تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کا اتفاق اور ایک مضبوط موقف مسئلہ کشمیر کے حتمی حل کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گا