وفاقی حکومت کے قرضے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی حکومت کے قرضے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ نئی حکومت کے پہلے دو ماہ کے دوران قرض میں 1643ارب30کروڑ روپے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق مئی2022تک وفاقی حکومت کا مجموعی قرضہ 44638ارب سے تجاوز کرگیا، مئی2022تک حکومت کا مقامی قرضہ بڑھ کر 29044ارب اور غیر ملکی قرض 15594ارب روپے تک پہنچ گیا۔ صرف مئی کے مہینے میں وفاقی حکومت کے قرضے میں 933ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

گزشتہ مالی سال کے پہلے 11ماہ جولائی سے مئی کے دوران وفاقی حکومت کا مجموعی قرضہ 5933ارب روپے بڑھا جس میں پی ٹی آئی حکومت کے 9ماہ کے دوران4290ارب روپے جبکہ نئی حکومت کے دو ماہ میں 1638ارب 30کروڑ روپے کااضافہ ہوا۔

گزشتہ مالی سال کے پہلے 11ماہ کے دوران ملکی قرضہ 2779ارب روپے اور غیر ملکی قرضہ 3155ارب روپے کااضافہ ہوا۔

سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق مارچ 2022تک ملک پر قرضے اور واجبات ریکارڈ53544ارب روپے سے تجاوز کرگئے ہیں۔