سری نگر(کے پی آئی) نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قیدکل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیرمین شبیراحمد شاہ نے ہفتہ شہدا کے موقع پر معروف نوجوان رہنما شہید برہان وانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کے اپنے عظیم مقصد کے حصول تک شہدا کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھیں گے شبیر احمد شاہ نے جو ڈیمو کریک فریڈم پارٹی کے سربراہ بھی ہیں،
نئی دلی کی تہاڑ جیل سے جار ی ایک پیغام میں کہاکہ کشمیری عوام8جولائی کو برہان وانی کے یوم شہادت کے موقع پر اپنی منصفانہ تحریک آزادی کے ساتھ بھرپور وابستگی کا بر ملا اظہار اور بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی جدوجہد کو ہر قیمت پر جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کریں گے ۔ انہوں نے برہان وانی اور ان کے دیگر دوساتھیوں کوشہادت کی چھٹی برسی پرشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کیلئے شہدا کی یہ بے مثال قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔شبیر احمد شاہ نے کہا کہ شہید برہان وانی اورانکے اہلخانہ نے رواںجدو جہد کیلئے ایثار اورقربانی کے جذبے کی ایک عظیم مثال قائم کی ہے ۔
شبیر احمد شاہ نے شہید برہان اور ان کے ساتھیوں کے ساتھ کشمیری عوام کی والہانہ محبت اور عقیدت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیری شہدا کی قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے ، ہمارے دلوں میں ان بچوں ، بزرگوں اورنوجوانوں کی یادیں تازہ ہیں ،جنھوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔شبیر احمد شاہ نے تمام کشمیری شہدا کو شاندارخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ ر ہیں گے ۔ انہوں نے شہیدبرہان وانی کونوکشمیری جوانوں کیلئے مشعل راہ قرار دیا۔شبیر شاہ نے کشمیریوں سے برہان وانی کے یوم شہادت کو یوم تجدید عہد کے طور پر منانے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے فسطائی بھارتی حکومت قید و بند ، ظلم و تشدد ، گرفتاریوں اور قتل عام کے ذریعے ہمیں اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھنے سے روک نہیں سکتی ۔