کشمیر ی اپنے خون سے تحریک آزادی کی ایک نئی داستان رقم کررہے ہیں فر یدہ بہن جی


سرینگر(صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنمااور جموں و کشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن فر یدہ بہن جی نے نوجوان رہنما شہید برہان وانی اور دیگر کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری اس وقت اپنے خون سے تحریک آزادی کی ایک نئی داستان رقم کررہے ہیں

شہیدا کا مشن منزل کے حصول تک جاری رہے گا اور کسی کو بھی ان شہدا کی قربانیوں سے غداری کی اجازت نہیں دی جائے گی، کشمیریوں کے معروف نوجوان رہنماشہید برہان وانی کے یوم شہادت اور ہفتہ شہداکے آغاز پر اپنے پیغام میں فریدہ بہن جی نے کہا کہ برہان وانی شہید نے کشمیریوں کی جدوجہد کو ایک نیا رخ دیا، خاص کر نوجوانوں کو انہوں نے جدوجہد کی طر ف مائل کرکے ان میں جرات، بہادری اور جذبہ شہادت کا شوق پروان چڑھایا،

برہان وانی اور ان کے ساتھیوں نے 8جولائی کو اپنی جانیں قربان کرکے ایک تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے جو کہ کشمیریوں خاص کر نوجوانوںکے لئے مشعل راہ ہے، کشمیری خاتون رہنما نے کہا کہ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم ان کے مشن کو جاری رکھیں، کشمیریوں کی جدوجہد میں قربانیوں کی ایک لازوال داستان ہے اور ان قربانیوں کے طفیل کشمیری انشااللہ جلد اپنے منزل کے حصول میں کامیاب ہوں گے، یہ کشمیریوں کی قربانیاں ہیں جن کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی فورموں میں اجاگر ہو اور عالمی برادری کا توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

شہداکی قربانیوں کے ہم امین ہیں اور کسی کو بھی ان قربانیوں پر سیاسی محل تعمیر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،انہو ں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ ہفتہ شہدا کی تقریبات میں بھرپور شرکت کرکے اپنے شہداکو خراج عقیدت پیش کریں جنھوں نے اپنے لہو اور جان سے کشمیریوں کے جدوجہد کی آبیاری کی۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے بڑھتے ہوئے مظالم پر اظہارتشویش کرتے ہوئے کہا کہ ظلم وتشدد اور فوج طاقت سے بھارت کشمیریوں کی تحریک کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا کشمیریوں کے حوصلے بلندہیں اور وہ بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ تسلظ کے خاتمے اور اپنا حق خود ارادیت ملنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیںگے